Sunday, May 19, 2024

عمران خان نے پاکستان کے وزیر اعظم کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

عمران خان نے پاکستان کے وزیر اعظم کے عہدے کا حلف اٹھا لیا
August 19, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) عمران خان نے پاکستان کے 22 ویں وزیراعظم کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ صدر مملکت نے عمران خان سے وزیراعظم کے عہدے کا حلف لیا۔ عمران خان کی حلف برداری تقریب میں خاتون اول بشریٰ بی بی ، وسیم اکرم، تینوں مسلح افواج کےسربراہان ، چیئر مین سینیٹ صادق سنجرانی ، میں اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہٰی  ، جاوید شیخ، سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو سمیت دیگر نے شرکت کی۔ عمران خان کی حلف برداری تقریب میں شرکت کیلئے ایوان صدر آمد پرسابق بھارتی کھلاڑی نوجوت سنگھ سدھو نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ عمران خان سے امید اور آس ہے ۔ عمران خان کی حکومت اس ملک کا امیج اور مثبت تاثر دنیا میں  بہتربنائے گی۔ اس تاریخی لمحے پر دعوت میری لیے بڑے مان کی بات ہے۔ سابق کرکٹر وسیم اکرم نے کہا کہ عمران خان نے ایمانداری اور محنت سے کام کیا جو ان کے کام آیا۔ آج عمران خان کی 22 سالہ جدوجہد رنگ لائی ہے۔ تحریک  انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے کہا کہ پورا اعتماد ہے انشااللہ تحریک انصاف پرفارم کر کے دکھائیگی۔ غیرملکی میڈیا نے بھی عمران خان کی تقریب حلف برداری کو کوریج دی۔ ٹائمز ناؤ، بی بی سی، رائٹرز نے عمران خان کی تقریب حلف برداری براہ راست دکھائی ۔ بنی گالہ سے ایوان صدر روانگی میں عمران خان نے ہاتھ ہلا کر میڈیا نمائندگان کو سلام کیا ۔ عمران خان وزیر اعظم اسکوارڈ کی سیکورٹی میں ایوان صدر روانہ ہوئے ۔ عمران خان کا قافلہ 7 گاڑیوں پر مشتمل تھا ۔ عمران خان نےسفید لباس اور بلیک شیروانی زیب تن کی ہوئی تھی۔