Friday, April 19, 2024

عمران خان نے عوام کے جھرمٹ میں ووٹ کاسٹ کر دیا

عمران خان نے عوام کے جھرمٹ میں ووٹ کاسٹ کر دیا
November 30, 2015
اسلام آباد (92نیوز) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے یوسی 23میں موہڑو نور میں اپنا ووٹ کاسٹ کر دیا۔ اس موقع پر کپتان کے کھلاڑی پولنگ سٹیشن کے باہر جمع ہو گئے۔ قائد کے حق میں زبردست نعرے بازی کی اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔ کپتان کا کہنا ہے کہ انتخابی مہم سے روکنا افسوسناک ہے‘ الیکشن کمیشن کو نواز شریف کیوں نظر نہیں آتے؟ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے یوسی 23میں موہڑو نور اپنا ووٹ کاسٹ کرنے آئے تو کارکنوں نے انہیں گھیرے میں لے لیا اور اپنے قائد کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔ ووٹ ڈالنے کے بعد عمران خان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ الیکشن کمیشن کی طرف سے مہم سے روکنا سمجھ سے باہر ہے۔ عام انتخابات میں ریکارڈ دھاندلی ہوئی‘ تب کسی کے خلاف کوئی ایف آئی آر کیوں نہیں کٹی ؟؟ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے مزید کہا کہ نواز شریف الیکشن سے قبل پیکیجز کا اعلان کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم کو انتخابات سے قبل لودھراں جانا یاد آگیا۔ ایک پارٹی کے ہاتھ کیوں باندھے جارہے ہیں۔ الیکشن کمیشن اپنا رویہ درست کرے۔ عمران خان نے کہا کہ بھارت میں کوئی انتقامی کارروائی نہیں کی جاتی ہے جبکہ پاکستان میں صورتحال مختلف ہے۔ یہاں اقتدار میں بیٹھ کر بدلے لئے جاتے ہیں۔ تحریک انصاف کے چیئرمین نے الیکشن کمیشن حکام کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ الیکشن مہم سے روکنا افسوسناک ہے‘ عوام ضرور احتجاج کریں گے۔