Wednesday, April 24, 2024

عمران خان نے سیاست کو بچوں کا کھیل سمجھ رکھا ہے : اپوزیشن لیڈر

عمران خان نے سیاست کو بچوں کا کھیل سمجھ رکھا ہے : اپوزیشن لیڈر
November 22, 2016

لاہور (92نیوز) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان نے سیاست کو بچوں کا کھیل سمجھ رکھا ہے۔ ان کے اقدامات سے نوازشریف مضبوط ہوئے۔ ہر پارٹی سے الجھنے کی عادت نے پی ٹی آئی کو تنہا کر دیا۔ پی ٹی آئی رہنماوں کی دکانداری ختم ہونےوالی ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں جہانگیر بدر کے اہل خانہ سے تعزیت کے بعد خورشید شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ جہانگیر بدر کی پارٹی کے لیے قربانیوں کو فراموش نہیں کر سکتے۔ کوڑوں اور اٹک جیل کی سیاست میں جب سب ساتھ چھوڑ گئے تب وہ ساتھ چلے۔ انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی آل پارٹیز کانفرنس میں عمران خان نے پاناما بل پر بات مانی اور اگلے روز لاک ڈاون کا اعلان کر دیا۔

اپوزیشن لیڈر نے کہاکہ پارلیمنٹ سپریم ادارہ ہے۔ ہم اپنے معاملات کے لیے دوسروں کے پاس کیوں جائیں۔ عمران خان اکیلا شو کرنا چاہتا تھا لیکن سیاست میں کوئی اکیلا نہیں چل سکتا۔ سیاست میں جلدبازی نہیں کی جاتی سب کوساتھ لے کر چلنا پڑتا ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف نوازشریف کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں۔

خورشید شاہ نے جنرل راحیل کوخراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے مشکل وقت میں کمان سنبھالی۔ ان کا کہنا تھا کہ سینئر کو فوج کی بھاگ دوڑ دی جائے۔ ماضی میں غلط فیصلوں کا اثر سب نے دیکھا ہے۔ خورشید شاہ نے کہاکہ بھارتی جارحیت پر حکومت کو فرنٹ فٹ پر آنا چاہیے تھا۔ قطر کے شہزادے کا خط افسانے میں ہی نہیں تھا۔