Saturday, May 4, 2024

عمران خان نے دہشتگردی کی دفعات اور عدالتی دائرہ کار چیلنج کر دیا

عمران خان نے دہشتگردی کی دفعات اور عدالتی دائرہ کار چیلنج کر دیا
December 7, 2017

اسلام آباد (92 نیوز) پارلیمنٹ حملہ اور ایس ایس پی عصمت اللہ تشدد کیس میں عمران خان نے دہشتگردی کی دفعات اور عدالتی دائرہ کار کو چیلنج کر دیا۔
انسداد دہشتگردی کی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے مقدمات کی سماعت کی۔ سماعت میں عمران خان بھی عدالت پہنچے۔
پراسیکیوٹر نے رپورٹ پیش کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ عمران خان کیخلاف اپنے کارکنوں کو اکسانے کے ٹھوس شواہد موجود ہیں۔ ان کیخلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 10 کے تحت کارروائی ہونی چاہئے۔
اس پر عمران خان کے وکیل بابر اعوان نے کہا کہ شہریوں کے جمہوری حقوق کے لئے جدو جہد کرنا دہشتگردی کے زمرے میں نہیں آتا۔
عمران خان نے عدالتی دائرہ کار کو چیلنج کرتے ہوئے فیض آباد دھرنے میں مقدمات ختم کرنے کا حوالہ دیا۔ جس پر جج نے ریمارکس دیئے کہ دھرنے والوں کیخلاف مقدمات ختم نہیں ہوئے۔ ملزم ابھی تک ضمانتیں کرا رہے ہیں۔
عمران خان کی درخواست پر عدالت نے مقدمہ سیشن کورٹ بھجوانے کیلئے پولیس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 11 دسمبر تک ملتوی کر دی۔