Sunday, May 19, 2024

عمران خان نے حلف اٹھاتے ہی اپنے کھلاڑی چن لئے

عمران خان نے حلف اٹھاتے ہی اپنے کھلاڑی چن لئے
August 19, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے حلف اٹھاتے ہی اپنے کھلاڑی چن لئے۔ عمران خان نے وفاقی کابینہ کے ناموں کا اعلان کر دیا۔ 15وفاقی وزرا میں سے 5 کا تعلق اتحادی جماعتوں سے ہے۔ پرویز خٹک وزیردفاع، شاہ محمود قریشی وزیر خارجہ اور اسد عمر وزیر خزانہ ہوں گے۔ شیر یں مزاری انسانی حقوق، شفقت محمود ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ، شیخ رشید ریلوے کے وزیر جبکہ غلام سرور خان وزیر پٹرولیم کا قلمدان سنبھالیں گے۔ فواد چوہدری کو وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کا قلمدان سونپ دیاگیا جبکہ اتحادی جماعتوں کو بھی کپتان نے اپنی ٹیم کا حصہ بنایا ہے۔ جی ڈی اے کی فہمید ہ مرزا کو بین الصوبائی رابطہ، ایم کیو ایم کے خالد مقبول صدیقی کو وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ،ق لیگ کے طارق بشیر چیمہ کو وزیر سفیران ،سینیٹر فروغ نسیم کو وفاقی وزیر قانون انصاف اور بلوچستان عوامی پارٹی کی زبیدہ جلال کو وزارت دفاعی پیداوار کا قملدان دیا گیا ہے۔ کپتان نے عامر کیانی کو وزیر نیشنل ہیلتھ سروسز ،نورالحق قادری کو وفاقی وزیر مذہبی امور کا قلمدان سونپ دیا۔ کپتان نے اپنی ٹیم میں پانچ مشیروں کا بھی اعلان کیا گیا ہے جن میں شہزاد ارباب برائے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن، عبدالرزاق داود کامرس ٹیکسٹائل ، ڈاکٹر عشرت حسین مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاعات ، ڈاکٹر بابر اعوان مشیر برائے پارلیمانی افیئر اور امین اسلم کو مشیر برائے ماحولیات مقرر کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق خسرو بختیار کو پانی کی وزارت کا قلمدان دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ عمران خان نے معروف ماہر قانون انور منصور خان کو اٹارنی جنرل بنانے کی بھی منظوری دے دی۔ انور منصور خان  جاوید خالد کی جگہ اٹارنی جنرل کا عہدہ سنبھالیں گے۔