Monday, September 16, 2024

عمران خان نے اتوار کی شام قوم سے خطاب کرنے کا اعلان کردیا

عمران خان نے اتوار کی شام قوم سے خطاب کرنے کا اعلان کردیا
April 9, 2016
اسلام آباد (92نیوز) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کل اتوار کی شام قوم سے خطاب کرنے کا اعلان کردیا۔ خطاب شام 6 بجے بنی گالہ سے کریں گے۔ کپتان نے پاناما لیکس کے معاملے پر شعیب سڈل کی سربراہی میں آزاد کمیشن بنانے کا مطالبہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اتوار کی شام چھ بجے بنی گالہ سے قوم سے براہ راست خطاب کا اعلان کیا ہے جس کے لیے پرائیویٹ ٹی وی چینلز کو دعوت نامے جاری کر دیے گئے ہیں۔ عمران خان اپنے خطاب میں پاناما لیکس کے بارے میں اپنا موقف بیان کریں گے۔ ساتھ ہی شوکت خانم پرلگنے والے الزامات کے دفاع کے ساتھ ساتھ ملکی سیاسی صورتحال پر بھی بات کریں گے۔ نائنٹی ٹو نیوز نے پی ٹی آئی کے اعلان سے کئی گھنٹے قبل عمران خان کے قوم سے براہ راست خطاب کے فیصلے پر ڈٹ جانے کی خبر نشر کی تھی۔ اس سے پہلے عمران خان نے اپنے بیان میں وزیر داخلہ چوہدری نثار کی پیشکش کا خیرمقدم کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ پاناما لیکس کے معاملے پر شعیب سڈل کی سربراہی میں آزاد کمیشن تشکیل دیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ شعیب سڈل ملک میں وائیٹ کالر کرائم کی تحقیقات کے ماہر اور پیشہ ورانہ ساکھ کے حامل ہیں۔ انہیں مکمل اختیارات سونپ کر پانامہ لیکشن کی تحقیقات پر مامور کیا جائے۔ چیئرمین تحریک انصاف نے 24 اپریل کو ایف نائن پارک میں پی ٹی آئی کا یوم تاسیس شان و شوکت سے منانے کا بھی اعلان کیا۔