Friday, April 26, 2024

عمران خان نااہلی کیس، فریقین کے وکلا کی عدم موجودگی پر الیکشن کمیشن برہم

عمران خان نااہلی کیس، فریقین کے وکلا کی عدم موجودگی پر الیکشن کمیشن برہم
January 10, 2017

اسلام آباد (92نیوز) عمران خان کی نااہلی کا ریفرنس، لیگی رہنما طلال چوہدری نے مزید وقت مانگ لیا۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ جب ریفرنسز کو آگے نہیں بڑھانا چاہتے تو پھر انہیں واپس ہی لے لیں۔ فریقین کے وکلاء کی عدم موجودگی پر چیف الیکشن کمشنر برہم ہوگئے۔ کہتے ہیں باہر جا کر کہا جاتا ہے کمیشن حکومت کے ساتھ مل گیا۔ سب سن لیں دباﺅ میں نہیں آئینگے۔

تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں عمران خان اور جہانگیرترین کی نااہلی سے متعلق سپیکر قومی اسمبلی کے ریفرنسز پر سماعت ہوئی۔ اکرم شیخ ناساز طبیعت کے باعث پیش نہ ہو سکے۔ طلال چوہدری کے وکیل نے بھی مزید وقت دینے کی استدعا کردی۔

کمیشن کے رکن جسٹس الطاف قریشی کا کہنا تھا کہ ریفرنسز آگے نہیں بڑھانے تو واپس لے لیں۔ فریقین کے وکلاء کی عدم موجودگی پر چیف الیکشن کمشنر نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ باہر جاکر کہا جاتا ہے کہ کسی کے حق میں فیصلہ آئے تو الیکشن کمیشن آزاد ہے۔ فیصلہ خلاف کریں تو تنقید ہوتی ہے۔ سب یہی سمجھتے ہیں کہ مخالف بیانات سے کمیشن پر دباﺅ ڈالیں گے۔

الیکشن کمیشن نے فریقین کے وکلاء کی عدم حاضری کے باعث عمران خان اور جہانگیر ترین کےخلاف ریفرنسز پر سماعت بغیر کارروائی کے 18جنوری تک ملتوی کردی۔