Tuesday, April 30, 2024

عمران خان قومی اسمبلی کے ہر اجلاس میں باقاعدگی سے شرکت اور سپیکر کو مبارکباد بھی دینگے: پی ٹی آئی ترجمان نعیم الحق

عمران خان قومی اسمبلی کے ہر اجلاس میں باقاعدگی سے شرکت اور سپیکر کو مبارکباد بھی دینگے: پی ٹی آئی ترجمان نعیم الحق
October 16, 2015
اسلام آباد (نائنٹی ٹو نیوز) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اب قومی اسمبلی کے ہر اجلاس میں باقاعدگی سے شرکت کریں گے اور سردار ایاز صادق کو ضمنی انتخاب میں کامیابی پر مبارکباد بھی دیں گے۔ الزامات کی سیاست کرنے والے عمران خان اب صرف قومی اسمبلی میں جائیں گے ہی نہیں بلکہ ہر اجلاس میں شرکت بھی کریں گے۔ اس بات کا اعلان پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق نے کیا۔ این اے ایک سو بائیس سے عام انتخاب ہارنے کے بعد دھاندلی کی رٹ لگانے والے عمران خان نے سردار ایاز صادق کو سپیکر قومی اسمبلی بننے پر مبارک باد دی لیکن دھاندلی نہ بھولے۔ اب معلوم نہیں کہ اسمبلی اجلاسوں سے دور رہنے والے خان صاحب کو کس کی بات سمجھ میں آ گئی اور باقاعدگی سے ہر اجلاس میں شرکت کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اب وقت بتائے گا کہ خان صاحب اپنے اس فیصلے پر کتنی دیر قائم رہتے ہیں۔ اُدھر جمعرات کے روز بنی گالا میں عمران خان سے برطانوی ہائی کمشنر فلپ بارٹن نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک برطانیہ دوطرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔