Saturday, April 20, 2024

عمران خان قوم کو بتائیں کس کے کہنے پر تیر کوووٹ دیا،نواز شریف

عمران خان قوم کو بتائیں کس کے کہنے پر تیر کوووٹ دیا،نواز شریف
April 23, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز ) سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ کسی کے کہنے پر چیئرمین سینیٹ کو ووٹ دینے پر عمران خان اپنی سرزنش بھی کریں ، اس پارلیمنٹ میں دم خم نہیں ہے،اگلی تگڑی پارلیمنٹ آئے گی تو سب کچھ ٹھیک کر دیں گے۔ احتساب عدالت میں غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ یہ لوگ تبدیلی لائیں گے جو بے اصولی کی سیاست کر رہے ہیں ،کیا چوہدری سرور کے حوالے سے بھی قوم کو جواب دیں گے انہیں ووٹ کیسے ملے؟۔ سابق وزیر اعظم  نے کہا کہ اوپر سے حکم والی سراج الحق کی بات معنی خیز ہے ، عمران خان  ایم پی ایز کی تو سرزنش کر رہے ہیں کسی کے کہنے پرچیئرمین سینیٹ کو ووٹ دینے پر اپنی سرزنش بھی کریں۔ بعد ازاں چودھری منیر کی رہائشگاہ پر نواز شریف کا کہنا تھا کہ بھاگنے والا نہیں ، ملک میں رہ کر تمام آزمائشوں کا مقابلہ کرونگا ، پارٹی رہنما اور کارکن حوصلہ رکھیں اور عام انتخابات کی بھرپور تیاری کریں ۔ نواز شریف نے کہا کہ  ووٹ کو عزت دو کا نعرہ اب بچے بچے کی زبان پر ہوگا ،  ان کے خلاف چلنے والے مقدمات کی حقیقت کو عوام بخوبی سمجھ چکے ہیں ۔ سابق وزیراعظم نوازشریف نےمسلم لیگ ن کے سینئر رہنمائوں، وزراء اور ارکان پارلیمنٹ سے ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورتحال ، زیرسماعت مقدمات اور بیگم کلثوم نواز کی بیماری کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔