Saturday, May 11, 2024

عمران خان صاحب بات جلسے سے بڑھ کر استعفے پر آ گئی ہے، مریم اورنگزیب

عمران خان صاحب بات جلسے سے بڑھ کر استعفے پر آ گئی ہے، مریم اورنگزیب
December 6, 2020

لاہور (92 نیوز) ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب کہتی ہیں کہ عمران خان صاحب لاہور کا جلسہ بھی ہو گا اور آپ کرسی بھی چھوڑیں گے، بات جلسے سے بڑھ کر استعفے پر آ گئی ہے۔

ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کے لاہور جلسہ کے بیان پہ ردِ عمل میں کہا کہ اگر لاہور جلسے کا آپ کو فرق نہ پڑتا تو آپ یہ بیان نہ دیتے۔ عمران صاحب سیاسی مخالفین کو سزائے موت کی چکیوں میں رکھ کر ایف آئی آر سے ڈرا رہے ہیں؟۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران صاحب آپ کی غلط فہمی ہے کہ آپ کو ملک میں آٹا ، چینی چوری پہ این آر او ملے گا، آپ کی غلط فہمی ہے آپ کو معیشت اور روزگار تباہ کرنے، غیر قانونی فارن فنڈنگ کیس اور سقوط کشمیر پہ این آر او ملے گا۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ عمران صاحب آپ کے سیاسی انتقام کی انتہاء نے جیلوں کا خوف ختم کر دیا ہے، آپ ٹی وی لگائیں حالات مختلف ہو گئے ہیں۔ میری مانیں تو ووٹ چوری کے خلاف آپ بھی 12 دسمبر کو استعفیٰ دے کے مینارِ پاکستان آئیں۔

اِدھر معاون خصوصی شہبازگل نے ردعمل دیا کہ کرپٹ الائنس کی جلسیوں سے حکومت کو کوئی فرق نہیں پڑتا، چور لٹیروں میں وزیراعظم سے استعفیٰ لینے کی نہ سکت ہے نہ ان کی اوقات۔