Friday, April 19, 2024

عمران خان صاحب آئینہ توڑنےسے معاشی حالت بہتر نہیں ہوگی ، مریم اورنگزیب

عمران خان صاحب آئینہ توڑنےسے معاشی حالت بہتر نہیں ہوگی ، مریم اورنگزیب
April 14, 2019

لاہور ( 92 نیوز ) پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان صاحب آئینہ تورنے سے معاشی حالت بہتر نہیں ہوگی ۔

نون لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ  وزیراعظم نے سوالوں کے جواب دینے کے ڈر سے پارلیمان کو مفلوج کر دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ  حکومت کو خود بھی اپنے نالائق اور نااہل ہونے کا علم ہو چکا ہے ، حکومت کے پاس اسحاق ڈار اور مِفتاع اسماعیل کے سوالوں کا کوئی جواب نہیں، اسی لیے پابندیاں لگائی گئیں۔

مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ عوام آپ کے جھوٹ ، ڈھونگ اور ڈرامے سمجھ گئی  ہے، ترقی کی شرح آدھی اور مہنگائی تین گُنا کیسے ہوئی جواب دینا ہوگا، ایک کروڑ نوکری، پچاس لاکھ گھر تو دینے پڑیں گے۔

انہوں نے ٹویٹر  پر مزید کہا  یومیہ 16 ارب قرض بڑھ رہا ہے جواب تو دینا ہوگا ،پشاور میٹرو کے ایک کھرب کہاں گئے جواب تو دینا ہوگا۔