Friday, May 17, 2024

عمران خان سے ملاقات بہت اچھی رہی ، وہ زبردست انسان ہیں ، ڈونلڈ ٹرمپ

عمران خان سے ملاقات بہت اچھی رہی ، وہ زبردست انسان ہیں ، ڈونلڈ ٹرمپ
August 2, 2019
 واشنگٹن (92 نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم عمران خان کو زبردست انسان قرار دے دیا اور کہا عمران خان سے ملاقات بہت اچھی رہی ، وہ زبردست انسان ہیں ۔ پاکستان کی سفارتی محاذ پر ایک اور بڑی جیت ہو گئی۔ امریکی صدر مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کوشاں ہیں اور انہوں نے ایک بار پھر ثالثی کی پیشکش کر دی۔ وائٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے کشمیر پر سوال کیا گیا جس کے جواب میں انھوں نے کہا اس کا دارومدار مودی پر ہے۔ میری وزیراعظم عمران خان سے بھی ملاقات ہوئی، وہ ایک  زبردست انسان ہیں۔ دونوں لیڈر اس معاملے کو حل کر سکتے ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک چاہیں تو وہ مسئلہ کشمیر پر کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہیں۔ وہ اس معاملے پر پاکستان سے بھی بات کر چکے ہیں اور بھارت سے بھی۔ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا کے دوران صدر ٹرمپ نے مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیش کش کی تھی ۔ ٹرمپ نے بتایا کہ بھارتی وزیراعظم نے انہیں کشمیر پر ثالثی کا کردار ادا کرنے کی پیشکش کی ہے۔ سچائی سامنے آنے پر بھارت اس سے مکمل طور پر مکر گیا تھا لیکن امریکی صدر  اپنی بات پر  آج بھی قائم ہیں۔