Saturday, May 11, 2024

عمران خان سے بابر اعوان کی ملاقات، لاہور ہائیکورٹ فیصلے پر مشاورت

عمران خان سے بابر اعوان کی ملاقات، لاہور ہائیکورٹ فیصلے پر مشاورت
November 18, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان سے ماہرقانون بابراعوان نے ملاقات کی۔ نوازشریف سے متعلق لاہورہائیکورٹ فیصلے سمیت آئینی قانونی اور سیاسی امور پر مشاورت کی گئی۔ وزیراعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا این آر او مانگنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں، رول آف لا سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹوں گا۔ عمران خان کا کہنا تھا ادارے پاکستان کو مضبوط رکھنے کے لئے ایک پیج پر ہیں، ملک میں انصاف کا بول بالا چاہتا ہوں۔ اداروں کی تعمیر نو اور مضبوطی کے بغیر کام نہیں چلے گا، اصلاحاتی ایجنڈے کے تحت ادارے مضبوط ہو رہے ہیں۔ میڈیا قوم کی تعلیم و تربیت کا فرض ادا کرے۔ اس مو قع پر بابراعوان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی انتھک کوششوں اور اکنامک ریفارمز کے ذریعے مثبت تبدیلیاں آ رہی ہیں، اکنامک ریفارمز کے ثمرات بہت جلد غریب عوام تک پہنچیں گے۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کی درستگی کے لئے بروقت اقدامات کو پذیرائی مل رہی ہے، وقت ثابت کرے گا کٹھن فیصلے قوم کے مفاد میں تھے، حکومت کے احساس پروگرام کے تحت غریب عوام تک ریلیف پہنچے گا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان سے معاون خصوصی زلفی بخاری نے ملاقات کی، زلفی بخاری نے وزیراعظم کو سیاحت کے فروغ سے متعلق اقدامات سے آگاہ کیا۔ زلفی بخاری نے اپنے دورہ ملائشیا اور قطر میں ممکنہ معاہدوں سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ سیاحت کے شعبے میں پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہونگے، 27 نومبر کو ہونے والے دورہ قطر میں پاکستان میں سیاحت میں سرمایہ کاری پر مذاکرات ہونگے۔