Monday, May 13, 2024

عمران خان سے آئی ایم ایف ، اے ڈی بی کے صدور،اردن کے وزیر اعظم کی ملاقاتیں

عمران خان سے آئی ایم ایف ، اے ڈی بی کے صدور،اردن کے وزیر اعظم کی ملاقاتیں
January 23, 2020
ڈیوس ( 92نیوز) وزیراعظم عمران خان کی ورلڈ اکنامک فورم کی سائیڈ لائنز پر ملاقاتیں جاری  ، وزیر اعظم  سے  آئی ایم ایف  اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدور ، اردن کے وزیراعظم، ایگزیکٹو چیئرمین ورلڈ اکنامک فورم اور یورپی پارلیمنٹ کے صدر ڈیوڈ ساسولی نے ملاقاتیں کیں ، وزیر اعظم سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی  صاحبزادی ایوانکا ٹرمپ ،یو ٹیوب ،  ٹیلی ناراور سیمنز کمپنی کے سی ای اوز  نے  بھی ملاقاتیں کی۔ ورلڈ اکنامک فورم کی سائیڈ لائنز پر وزیر اعظم عمران خان سے آئی ایم ایف اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدور نے ملاقات کی ۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے بتایا کہ وزیراعظم  کی ملاقاتیں مفید رہیں ۔ امید ہے اے ڈی پی کے نئے   صدر کے دور میں تعاون مزید مستحکم ہو گا ۔صدر ایشیائی ترقیاتی بینک کا کہنا تھا پاکستان کے ساتھ 5 دہائیوں سے تعاون جاری ہے ۔ جلد پاکستان کا دورہ کرکے نئے منصوبوں کا جائزہ لوں گا ۔ وزیراعظم سے ایگزیکٹو چیئرمین ورلڈ اکنامک فورم نے ملاقات کی، عمران خان نے ورلڈ اکنامک فورم کے 50  سال مکمل ہونے پر مبارکباد دی ، کہا کہ ورلڈ اکنامک فورم غربت کے خاتمے اور تعلیم میں پاکستان کا پارٹنر بنے،کلین گرین پاکستان پروگرام کے ذریعے ماحولیاتی تبدیلی کا مسئلہ حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان کی یورپی پارلیمنٹ کے صدر ڈیوڈ ساسولی سے ہونے والی ملاقات میں اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ، ملاقات میں مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد بھی شریک ہوئے۔ وزیراعظم سے یوٹیوب کی سی ای او نے بھی ملاقات کی ۔ پاکستانی سیاحت کے فروغ اور سرمایہ کاری کے لئے ڈیجیٹل میڈیا کے استعمال پر تبادلہ خیال کیا گیا  ،  وزیر اعظم سے سیمنز کمپنی کے سی ای او کی بھی ملاقات ، ٹیکنالوجی،سرمایہ کاری اور افرادی قوت کی تربیت سے متعلق تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سی ای او گلوبل ویکسین الائنس نے بھی وزیر اعظم سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے پولیو خاتمے کے لیے حکومتی کوششوں سے آگاہ کیا ۔ وزیراعظم عمران خان  سے اردن کے وزیراعظم  اور امریکی سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے  بھی سائیڈ لائن پر ملاقاتیں کی ،  امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی  صاحبزادی ایوانکا ٹرمپ نے بھی وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی ۔ وزیراعظم عمران خان  سے فیس بک کی چیف آپریٹنگ آفیسر اور ٹیلی نار کی چیئرپرسن اور سی ای او  نے بھی ملاقاتیں کی  ، وزیر اعظم نے ٹیلی نار کی پاکستان میں 2005 سے 3.5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں گڈگورننس اور غربت کے خاتمہ کےلئے ٹیکنالوجی کے استعمال سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔