Monday, September 16, 2024

عمران خان سٹے بازوں کی مدد سے اقتدار میں آنا چاہتے ہیں ، احسن اقبال

عمران خان سٹے بازوں کی مدد سے اقتدار میں آنا چاہتے ہیں ، احسن اقبال
March 31, 2018

 لاہور (92 نیوز) احسن اقبال نے سیاسی حریف عمران خان کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران خان سٹے بازوں کی مدد سے اقتدار میں آنا چاہتے ہیں ۔

لاہورمیں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر داخلہ احسن اقبال نیب پر خوب گرجے برسے اور کہا کہ پاکستان میں ہر الیکشن سے پہلے احتساب کا ڈرامہ کیا جاتا ہے ۔ نیب کو کٹہرے میں کھڑا کرنا چاہئے ۔

 احسن اقبال سیاسی حریف عمران خان کا نشانہ لینا بھی نہ بھولے اور کہا کہ عمران خان سٹے بازوں کی مدد سے اقتدار میں آنا چاہتے ہیں ۔ عام انتخابات میں انہیں منہ کی کھانا پڑے گی ۔ احسن اقبال نے کہا کہ عام انتخابات میں بینر لگے ہوں گے ’’کپتان جارہاہے‘‘ ۔ 

 پرویزمشرف کی سکیورٹی سے متعلق وزیر داخلہ نے کہا کہ جنرل مشرف سکیورٹی کابہانہ نہ کریں ،واپس آکر عدالتوں کا سامنا کرنے کا حوصلہ کریں ۔

 جلاوطنی کے سوال پر بولے کہ شریف فیملی جلاوطنی میں کاروبار نہ کرتی تو کیا بھیک مانگتی؟انہوں نے کہا کہ نوازشریف اور مریم نوازنےعدالتوں کےسامنے پیش ہو کر رول آف لا سے کٹمنٹ دکھا دی ۔

 وزیر داخلہ نے اس سے پہلے تقریب سے خطاب میں دعویٰ کیا کہ وہ ملک جسے دہشت گردی کا گڑھ کہا جاتا تھا اسےسرمایہ کاری کا گڑھ کہا جانے لگا ہے ۔ ملک کے سقراط بقراط منفی تصویر پیش کرتے ہیں ۔