Friday, March 29, 2024

عمران خان سابق حکومت کے منصوبوں میں تاخیر پر قوم سے معافی مانگیں ، مریم اورنگزیب

عمران خان سابق حکومت کے منصوبوں میں تاخیر پر قوم سے معافی مانگیں ، مریم اورنگزیب
July 15, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) نون لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے عمران خان سابق حکومت کے منصوبوں میں تاخیر پر قوم سے معافی مانگیں۔ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے نوازشریف کے قومی منصوبوں میں تاخیر پر وزیراعظم عمران خان سے قوم سے معافی مانگنے کا مطالبہ کر دیا۔ انہوں نے کہا عمران صاحب آج قوم سے معذرت کرتے کہ سیاسی انتقام اور نااہلی سے دیامیر بھاشا ڈیم منصوبہ دو سال تاخیر کا شکار کیا۔ نواز شریف کے ملک و قوم کی ترقی کے اہم منصوبوں کو تاخیر کا شکار بنانے کے ذمہ دار عمران صاحب ہیں۔ نواز شریف نے دیامیر بھاشا ڈیم منصوبے کو عملی شکل دی۔ قائد نواز شریف نے تین سال قبل قوم کو بھاشا اور داسو ڈیم پر کام شروع ہونے کی خوشخبری دی تھی۔ یہ نوازشریف تھے جنہوں نے تین سال قبل دیامیر بھاشا ڈیم کی تعمیر کے مالیاتی منصوبے کی منظوری دی تھی۔ نوازشریف نے کھٹائی میں پڑے منصوبے کے لئے زمین کے حصول سمیت بنیادی کام کیا اور راستے کی رکاوٹیں دور کیں۔ یہ نوازشریف تھے جن کی محنت سے آئرن برادر چین اس منصوبے میں شراکت دار بنا ۔ نواز شریف نے 2018 کے آخر تک منصوبے پر عملی کام شروع کرنے کی ہدایت کی تھی۔ موجودہ حکومت نے اس اہم قومی منصوبے میں 2020 تک تاخیر کی تھی۔ 10 سال میں ڈیم کی تعمیر ہونا تھی۔ یہ نوازشریف کے ملک سے بجلی اور آبی قلت دور کرنے کے وژن کا حصہ تھا۔ اس منصوبے کا مقصد 4500 میگاواٹ بجلی اور لاکھوں ایکڑ اراضی سیراب کرنا تھا ۔ پاکستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے ہر منصوبے پر محمد نواز شریف کا نام لکھا ہے۔ محض گالیاں دینے اور الزام لگانے والوں کو کیا معلوم ملکی ترقی اور تعمیر کے ان منصوبوں پر نواز شریف نے کتنی محنت کی۔