Saturday, September 7, 2024

عمران خان بنی گالا کا گھر دیکر میانوالی سے زمین لے لیں: پرویز رشید

عمران خان بنی گالا کا گھر دیکر میانوالی سے زمین لے لیں: پرویز رشید
December 21, 2015
اسلام آباد (92نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید کا کہنا ہے کہ عمران خان کی مانگنے کی عادت پرانی ہے۔ عمران خان چار سو کنال پر محیط اپنا بنی گالا کا گھر میانوالی کے لوگوں کو دے کر کالج کے سٹیڈیم کیلئے زمین لے لیں۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں یوم قائد کے حوالے سے منعقدہ تصاویری نمائش میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان کی مانگنے کی عادت پرانی ہے۔ عمران خان نے مودی سے بھی بال اور بلا مانگا جو انہیں نہیں ملا۔ عمران خان جن لوگوں سے میانوالی کی زمین مانگ رہے ہیں وہاں مقامی لوگ اپنے بچوں کیلئے گھر بنانا چاہتے ہیں۔ عمران خان خود 400 کنال کے گھر میں رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2013ءکے مقابلے میں 2015ءکا پاکستان زیادہ پرامن ہے۔ آمریت کے زمانے میں ہر ایک نے اپنا قائد بنانے کی کوشش کی۔ آج کا پاکستان قائد اعظم کے پاکستان سے قریب تر ہے۔ بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ روا رکھا جانے والا سلوک نظریہ پاکستان کی سچائی کو ثابت کررہا ہے۔ پرویز رشید کا کہنا تھا کہ ن لیگ حکومت نے آپریشن ضرب عضب شروع کیا‘ اب تو عمران خان بھی اس کا کریڈٹ نوازشریف کو دیتے ہیں۔ نواز شریف کے بغیر نہ تو سڑکیں بنتی ہیں اور نہ ہی لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے معاہدے ہوتے ہیں۔