Thursday, April 18, 2024

عمران خان اپنی پارٹی کے خلاف ریلی نکالیں، وہ بتائیں لندن فلیٹس کس کے ہیں: شہباز شریف

عمران خان اپنی پارٹی کے خلاف ریلی نکالیں، وہ بتائیں لندن فلیٹس کس کے ہیں: شہباز شریف
May 1, 2016
لاہور (نائنٹی ٹو نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہا کہ قرضے معاف کرانے والوں کی آف شور کمپنیاں ہیں۔ عمران خان لاہور میں ریلی نکالنا چاہتے ہیں تو اپنی پارٹی کے خلاف نکالیں۔ وہ بتائیں لندن کے فلیٹس کس کے ہیں۔ ایکسپو سنٹر میں یوم مئی کی تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب نے تحریک انصاف کو آڑے ہاتھوں لیا اور اس پر خوب گرجے برسے۔ شہبازشریف نے کہا کہ خان صاحب کے ایک طرف قرضہ معاف کرانے والے ہیں جن کے پاس جہاز، محلات اور لمبی لمبی گاڑیاں ہیں جبکہ دوسری جانب قبضہ گروپ ہے، یہ بڑے نہیں چھوٹے لوگ ہیں جنہوں نے پاکستان کو کنگال کر دیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے مزدور کی اجرت تیرہ سے بڑھا کر چودہ ہزار روپے کرنے کا اعلان کر دیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ ہر بچے کے لیے ماہانہ ایک ہزار روپے وظیفہ مقرر کر رکھا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بھٹے سے آخری بچے کو سکول بھیجنے تک وہ چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کا کہنا تھا کہ انہوں نے خود کو احتساب کے لیے پیش کر دیا ہے۔ پانامہ لیکس پر کمیشن کی تحقیقات سے دودھ کا دوھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔ ان کے بچے بھی کمیشن میں پیش ہوں گے اور بتائیں گے کہ پیسہ کہاں سے آیا۔