Sunday, May 19, 2024

عمران خان اور چین کے صدر شی چن پنگ کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات

عمران خان اور چین کے صدر شی چن پنگ کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات
November 2, 2018
بیجنگ (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان اور چین کے صدر شی چن پنگ کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔ مذاکرات میں معاشی ، تجارتی اور اسٹریٹجک تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے چینی صدر کے ساتھ ملاقات میں کہا کہ پاکستان  چین کی ترقی سے بہت متاثر ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ چیلنجز سے نمٹنے کے لئے پاکستان چین کے تجربے سے مستفید ہونا چاہتا ہے ۔ چینی صدر کا ویژن اور قیادت ایک رول ماڈل ہے۔ اس موقع پر چینی صدر شی جن پنگ نے کہا کہ وقت کے ساتھ ساتھ پاک چین تعلقات مزید مستحکم ہو رہے ہیں۔ پاکستان اور چین کے مستحکم تعلقات پورے خطے کے لئے فائدہ مند ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے چینی صدر کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔ دوسری طرف وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی چینی صدر کے ساتھ ملاقات انتہائی کامیاب رہی۔ چین کی جانب سے پاکستان کو بڑا اقتصادی پیکیج ملنے کا امکان ہے۔ قوم کو جلد بڑی خوشخبری ملے گی۔ حکومت ملک کو اقتصادی مشکلات سے نکالنے کے جدوجہد کر رہی ہے۔ اس سے پہلے وزیراعظم وفد کے ہمراہ چین پہنچے تو بیجنگ ایئرپورٹ پر ان کا والہانہ استقبال کیا گیا اور گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان پانچ نومبر تک چین میں اعلیٰ عہدے داران کے ساتھ ملاقاتوں کے ساتھ ساتھ پاکستان بزنس فورم سے بھی خطاب کریں گے۔