Thursday, April 25, 2024

عمران خان اور ریہام کے راستے جدا ہوگئے

عمران خان اور ریہام کے راستے جدا ہوگئے
October 30, 2015
اسلام آباد(92نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اور ریہام خان میں اختلافات کی بازگشت  کئی ماہ سے سنائی دی جاتی رہی ، اختلافات شدت اختیار کرنے پر ریہام خان خاموش مگر عمران خان تردید کرتے رہے بالآخراب ان کے راستے جدا ہوگئے ہیں جس کی تصدیق بھی کر دی گئی ہے۔ تفصیلات کےمطابق  مقبول ترین شادی اچانک ایک ایسی نہج پر پہنچ گئی جہاں سے راستے صرف جدا ہی ہوتے ہیں۔ کپتان نے دھرنے کے خاتمے پر شادی کا اعلان کیا تو نام آیا بی بی سی کی معروف اینکر پرسن ریہام خان کا جنہوں نے نیشنل بھابی کے لقب سے خاصی شہرت سمیٹی۔ مگر اس شادی کے بعد  ریہام  مختلف  تنازعات  میں گھرتی چلی گئیں کبھی ہری  پور کا معاملہ اٹھا  تو متنازع ڈگری کا شور اٹھااسی طرح ان کے سابق شوہر نے بھی الزامات لگا کر رہی سہی کسر نکال دی ۔ ہری پور الیکشن مہم کے بعد سے یہ شادی اختلافات کا شکار  ہو گئی ،عمران خان نے اسی وجہ سے ریہام خان پر پارٹی امور چلانے اور کسی بھی تقریب میں شرکت پرپابندی لگا دی ،عمران خان  نے دورہ لندن میں اپنی سابق اہلیہ جمائمہ خان اور بیٹوں کے ساتھ وقت گزارا جس کے بعد  دونوں کے تعلقات ’’پوائنٹ آف نو ریٹرن ‘‘ پر پہنچ  گئے ۔ قبل ازیں اختلافات کی خبر  پر عمران خان نے ٹویٹ کیا کہ   ایسی خبروں سےدکھ ہوتا ہے،میڈیا سے درخواست ہے کہ ایسی بے بنیاد باتوں سے دور رہےمگر پھروہی ہوا جس کا خدشہ تھا اور یوں یہ شادی اختتام کے راستے پر چل نکلی ۔