Saturday, May 11, 2024

عمران خان اقتدار کے کھیل کا بارہواں کھلاڑی !!!! ریحام خیبرپختونخوا حکومت کے ہیلی کاپٹر کو رکشہ کی طرح استعمال کرتی ہیں: طلال چودھری

عمران خان اقتدار کے کھیل کا بارہواں کھلاڑی !!!! ریحام خیبرپختونخوا حکومت کے ہیلی کاپٹر کو رکشہ کی طرح استعمال کرتی ہیں: طلال چودھری
June 18, 2015
اسلام آباد (92نیوز) قومی اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کے رکن طلال چوہدری کے پی ٹی آئی کے کپتان کو باﺅنسر، عمران خان کو اقتدار کے کھیل کا بارہواں کھلاڑی قراردے دیا۔ ریحام خان پر خیبرپختونخوا کا ہیلی کاپٹر رکشے کی طرح استعمال کرنے کا الزام، تحریک انصاف کے ارکان کا شدید احتجاج اور ایوان سے واک آﺅٹ ، جماعت اسلامی اور پیپلزپارٹی نے بھی واک آﺅٹ میں تحریک انصاف کا ساتھ دیا۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے رکن طلال چودھری نے بجٹ تقریر کے دوران کہا کہ ریحام خان خیبرپختونخوا کا ہیلی کاپٹر رکشے کی طرح استعمال کر رہی ہیں جس پر تحریک انصاف کے ارکان علی محمد خان، عارف علوی، شیری مزاری اور دیگر ارکان نے نشستوں پر کھڑے ہوکر احتجاج کیااور سپیکر سے رکشے کے الفاظ حذف کرنے کا مطالبہ کیا۔ سپیکر نے کہا کہ کوئی غیرپارلیمانی الفاظ استعمال نہیں کیے گئے۔ طلال چودھری نے تحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بنا تے ہوئے آنٹی شیریں مزاری کہا تو سپیکر نے کہا کہ میں آنٹی کا لفظ حذف کرتا ہوں، آپ انہیں آنٹی نہیں کہیں گے جس پر طلال چودھری نے معذرت کی۔ طلال چودھری نے تحریک انصاف کے دھرنے کا ذکر کرتے ہوئے پی ٹی آئی ارکان کی چالیس روزہ غیرحاضری کی بنیاد پر ان کی رکنیت کے خاتمے کی بات کی اور اسد عمر، ڈاکٹر عارف علوی اور شاہ محمود قریشی کا فرداً فرداً ذکرکیا تو تحریک انصاف کے اراکین دوبارہ سراپا احتجاج بن گئے۔ قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا کہ تقریروں میںذاتی حملے نہیں ہونے چاہئیں، حکومتی ارکان بجٹ اجلاس کے ماحول کو خراب نہ کریں۔ طلال چودھری نے جارحانہ تقریر جاری رکھتے ہوئے کہا کہ عمران خان اقتدار کے کھیل کا بارہواں کھلاڑی ہے۔ انہوں نے افتخار عارف کی نظم بارہواں کھلاڑی پڑھ کر سنائی جس پر پی ٹی آئی ارکان ایوان سے واک آﺅٹ کر گئے جس میں جماعت اسلامی اور پیپلزپارٹی نے بھی اس کا ساتھ دیا۔ محمود خان اچکزئی نے سپیکر سے درخواست کی کہ ریحام خان کے بارے میں طلال چودھری کے الفاظ حذف کر دیے جائیں، یہاں کسی کی بیوی، بیٹی کا ذکر نہیں ہونا چاہیے۔ خورشید شاہ اور محمود اچکزئی کے کہنے پر طلال چودھری نے اپنی تقریر سے پی ٹی آئی کی دل آزاری پر معذرت کرلی۔