Monday, September 16, 2024

عمران خان اس کمیشن کو مانیں گے جس کے سربراہ وہ خود ہوں : پرویز رشید

عمران خان اس کمیشن کو مانیں گے جس کے سربراہ وہ خود ہوں : پرویز رشید
April 10, 2016
اسلام آباد (92نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان کے خطاب میں کوئی نئی چیز نہیں تھی۔ ان کے بچگانہ الزمات کا تین برسوں سے جواب دے رہے ہیں۔ عمران خان اس کمیشن کو مانیں گے جس کے سربراہ وہ خود ہوں۔ تفصیلات کے مطابق عمران خان کے قوم سے خطاب کے حوالے سے نائنٹی ٹو نیوز کی خصوصی ٹرانسمیشن میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان صرف ایسا کمیشن مانیں گے جس کے سربراہ اور مدعی وہ خود ہوں۔ پرویز رشید کو سینئر تجزیہ کاروں اور نائنٹی ٹو نیوز کے اینکر پرسنز کے تلخ اور چبھتے سوالات کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ پرویز رشید نے متوالوں کے کپتان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے دھرنا سجانے والوں کا پیسہ نہیں دیا۔ ان پر تو الیکشن کمیشن میں بھی فنڈزکی خوردبرد کا مقدمہ ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاناما پیپرز میں لاکھوں لوگوں کے نام ہیں۔ سب پر چارج نہیں لگ سکتا۔ ان پیپرزمیں نہیں لکھاکہ نوازشریف کے بچوں نے غیرقانونی کام کیا۔ مبصرین کا کہنا ہے پاناما لیکس کے بعد دن بدن وزیراعظم کی مشکلات میں اضافہ ہو رہا۔ وزیراعظم کو عمران خان کے الزامات اور مطالبات پر توجہ دینا چاہیے۔