Sunday, May 12, 2024

عمران خان آج بھی  مصروف دن گزاریں گے

عمران خان آج بھی  مصروف دن گزاریں گے
September 25, 2019
نیو یارک ( 92 نیوز ) عمران خان آج بھی  مصروف دن گزاریں گے  وہ نفرت انگیز تقاریر کے خاتمے بارے مباحثے میں شامل ہوں گے، مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس ،ملائیشین اور نارویجیئن ہم منصبوں  سے ملاقات کریں گے جب کہ  امریکی میڈیا کے نمائندگان سے ملاقاتیں بھی آج کے شیڈول کا حصہ ہیں۔ نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اجلاس شروع ہوچکا ہے ، افتتاحی سیشن میں پاکستان کی نمائندگی وزیراعظم عمران خان نے کی۔جنرل اسمبلی اجلاس کے دوران وزیراعظم عمران کی عالمی رہنماؤں کے ساتھ سائیڈ لائن ملاقاتیں  بھی جاری ہیں ۔ وزیر اعظم نے گزشتہ روز نیوزی لینڈ کی ہم منصب جسینڈا آرڈرن کے ساتھ ملاقات کی جس میں  اسلامو فوبیا پر بات کی گئی ، اس دوران وزیراعظم نے جسینڈا آرڈرن کو کشمیریوں کی حالت زار اور قتل عام کے خطرے سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے مصری صدر عبدالفتاح السیسی اور ایتھوپین صدر صالح ورک زیوڈی سے بھی ملاقاتیں کی ، جن میں باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے استقبالیہ میں بھی شرکت کی۔ وزیراعظم عمران خان آج نفرت انگیز تقاریر کےخاتمے سے متعلق مباحثے سے خطاب کریں گے، جس کے بعد وہ پاکستان، ترکی اور ملائیشیا کے سہ فریقی سربراہ اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔ اس موقع پر وہ ملائیشین ہم منصب مہاتیر محمد سے ون  آن ون ملاقات کریں گے۔ وزیراعظم عمران خان آج  مائیکرو سافٹ کے بانی بِل گیٹس اور نارویجیئن ہم منصب کے ساتھ بھی بیٹھک لگائیں گے ، ان کے آج کے شیڈول میں نیویارک ٹائمز اور وال سٹریٹ جرنل کے ایڈیٹوریل بورڈز سے ملاقاتیں بھی شامل ہیں۔ عمران خان امریکی نیوز چینل سی این این کی صحافی کرسٹیان امن پور کو انٹرویو بھی  دیں گے۔