Tuesday, April 23, 2024

عمران خان 35پنکچر والی ٹیوب تو درکنارریکارڈ شدہ ٹیپ بھی نہیں لاسکے:پرویز رشید

عمران خان 35پنکچر والی ٹیوب تو درکنارریکارڈ شدہ ٹیپ بھی نہیں لاسکے:پرویز رشید
May 17, 2015
اسلام آباد(ویب ڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات آج پھر عمران خان کے خلاف خوب برسے ، کہتے ہیں عمران خان 35 پنکچر والی ٹیوب پیش کر سکے اور نہ ہی ریکارڈ شدہ ٹیپ لا سکے بلکہ اب تو وہ پپو کی بات کرنے لگے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید ایک مرتبہ پھر عمران خان پر الزامات کے تیر برساتے دکھائی دئیے۔ وفاقی دارالحکومت میں میڈیا سے گفتگو کرتےہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کسی بھی ٹربیونل میں الزامات ثابت نہیں کر سکے اور انہوں نے 15 سال کے حربے 2 سال میں ہی آزما لئے۔ عمران خان 35 پنکچر والی ٹیوب پیش کرنا تو درکنار وہ ریکارڈ شدہ ٹیپ بھی نہیں لا سکے،اب وہ کسی پپو کی بات کرنے لگے ہیں یہ پپو اتنا اہم ہے کہ اس نے انتخابی نتائج ہی تبدیل کر دئیے اب تومجھے بھی پپو سے ملنے کا اشتیاق پیدا ہو گیا ہے اور اس پپو کو ڈھونڈنے کی تو ہیلری کلنٹن بھی خواہش کریں گی۔ پرویز رشید کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے رات گیارہ بجے کارکنوں سے خطاب کیا تھا جس وقت 120 حلقوں کے نتائج آ چکے تھے۔ انہوں نے کہا کہ  الزامات کی سیاست نہیں کی جانی چاہئیے کیونکہ اس سے انتشار بڑھے گا۔ برداشت کے کلچر کو فروغ دینا چاہئیے اور  خواہش ہے کہ عمران خان آئینی پارلیمنٹ کا حصہ رہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین راہداری کے تین روٹس ہیں جو چاروں صوبوں سے گزرتے ہیں جن میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں کی گئی۔ قوم نے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کا عزم کر لیا ہےسازش اندرونی ہو یا بیرونی ہر صورت اس سے نمٹیں گے۔ وفاقی وزیر نے اپنے خلاف لگائے جانے والے الزامات کا جواب کسی مناسب فورم پر دینے کا اعلان کیا۔