Friday, April 26, 2024

عمران خان 29اپریل کو مینار پاکستان پرجلسے کے سلسلے میں کل لاہور کا دورہ کرینگے

عمران خان 29اپریل کو مینار پاکستان پرجلسے کے سلسلے میں کل لاہور کا دورہ کرینگے
April 23, 2018
لاہور ( 92 نیوز) پاکستان تحریک انصاف مسلم لیگ ن کے گڑھ لاہور میں  29 اپریل کو جلسہ کرنے کے  لیے تیارہے،چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان جلسے کوکامیاب بنانے کے لیے کل لاہورکا دورہ کریں گے۔ دوسری جانب ضلعی انتظامیہ کی جلسہ کرنے کی اجازت نہ دینے پر شعیب صدیقی نے کہا کہ اجازت نہ ملی تو پورا شہر بند کر دیں گے، مینار پاکستان پر ہونے والے  جلسے کے حوالے سے پی ٹی آئی کی تیاریاں زوروں  سے جاری ہیں ۔ جلسے کو کامیاب بنانے کے لیے کپتان خود بھی میدان میں آئیں گے ، اس حوالےسے عمران خان کل  لاہور کا دورہ بھی کریں گے ۔ اندرون شہر دورے کے دوران  عمران خان کا پرتپاک  استقبال بھی کیا جائے گا  جبکہ کپتان بھاٹی گیٹ،شاہ عالم  مارکیٹ ،موچی دروازہ، دہلی دروازہ اور شیرانوالہ گیٹ پر کھلاڑیوں سے خطاب بھی کریں گے ،  جس کے بعد عمران خان داتا دربار پر حاضری دیں گے جہاں نئے کھلاڑی کپتان کی ٹیم میں شمولیت کا اعلان کریں گے ۔ دوسری جانب  مینار پاکستان جلسے کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ اور تحریک انصاف کی لیڈر شپ میں بھی ٹھن گئی ہے  ، رہنما تحریک انصاف شعیب صدیقی کاکہنا ہےکہ حکومت  پی ٹی آئی کے جلسے کے انعقاد میں رخنہ ڈال رہی ہے۔ اگر حکومت نے بات نہ مانی تو شہر کو بھی بندکرسکتے ہیں،انکا کہنا تھا کہ نہ ہمیں مینار پاکستان میں داخل ہونے دیا جارہا ہے اور نہ ہی سامان کو اندر لے جانے کی اجازت ہے۔