Friday, March 29, 2024

عمران جتنی مرضی شادیاں کریں مگر کسی کو سنبھال بھی لیں ، خورشید شاہ

عمران جتنی مرضی شادیاں کریں مگر کسی کو سنبھال بھی لیں ، خورشید شاہ
January 9, 2018

فیصل آباد ( 92 نیوز ) اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ عمران خان جتنی مرضی شادیاں کریں مگر کسی کو سنبھال بھی لیں ۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں حصول انصاف کیلئے ہر سطح پر طاہرالقاری کا ساتھ دیں گے ۔ مستقبل کے وزیراعظم بلاول بھٹوزرداری ہونگے ۔

جھمرہ میں پیپلز پارٹی کے مقامی رہنما طارق باجوہ کی رہائشگاہ آمد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ بلوچستان اسمبلی میں تبدیلی لانے کے لیے آئینی طریقہ کار اختیار کیا جا رہا ہے ۔

خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ملک میں حالات تبدیل ہو رہے ہیں ۔ ماڈل ٹاون سانحے پر پاکستان عوامی تحریک کے پہلے بھی ساتھ تھے اور اب بھی ساتھ ہیں۔

جھمرہ سے روانگی کے بعد فیصل آباد میں نجی ہوٹل میں منعقدہ تقریب کے دوران خورشید شاہ نے وزیر اعلی بلوچستان کے استعفے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں ہمارا کوئی ممبر نہیں اس لیے ہم کیسے کسی سازش کا حصہ بن سکتے ہیں ۔ نواز شریف بادشاہ آدمی میں ، ان سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ آخر وہ تحریک عدل شاہد خاقان عباسی کے خلاف چلائیں گے یا شہباز شریف کے خلاف۔

خورشید شاہ کا کہناتھا کہ کانٹوں پر چل کر جمہوریت کا سفر کیا ۔  ماضی میں سیاست دان ایک دوسرے کے خلاف سازشیں کرتے رہے لیکن آپسی سازشوں کے کا فائدہ کوئی اور اٹھا جاتا اور پھر دس سال مزید گزر جاتے ۔

 خورشید شاہ نے آئیندہ انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کی جیت اور بلاول بھٹو کے وزیر اعظم بننے کا دعوی بھی کر دیا۔