Friday, May 17, 2024

عمران بااختیار وزیراعظم، فیصلے سب تسلیم کر رہے ، امریکی ماہرین

عمران بااختیار وزیراعظم، فیصلے سب تسلیم کر رہے ، امریکی ماہرین
July 3, 2019
واشنگٹن(  ویب ڈیسک ) امریکی ماہرین کا کہنا ہے پاکستان کے تمام اداروں کے تعاون سے عمران حکومت تاریخ کی مضبوط حکومت بن کر اُبھری ہے ۔ وزیراعظم بااختیار ہیں اور تمام ادارے ان کے فیصلوں کو من و عن تسلیم کر رہے ہیں۔ پروفیسر یاسمین تبسم کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے قرضے کے خصوصی پیکج اور ستمبر میں ایف اے ٹی ایف کے اجلاس کے بعد دنیا کی بڑی کمپنیاں سرمایہ کاری کیلئے پاکستان کا رُخ کریں گی۔ روس پاکستان سٹیل مل کے علاوہ دیگر خسارے میں جانیوالے اداروں میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے ۔ پروفیسر حامد خان کا کہنا تھا پاکستان کے اداروں نے ایسے ہی عمران کے ہاتھ پر بیعت نہیں کر لی  ،عمران خان نے گزشتہ دنوں اعلٰی حلقوں کی جانب سے شریف اور زرداری فیملیز کو این آر او دینے کی خبروں کی بازگشت کے بعد پیغام بھجوایا تھا کہ وہ اپنے منشور پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے ، اگر اسٹیبلشمنٹ ، حکومت کی پالیسیوں اور فیصلوں میں تضاد پیدا ہوا تو وہ ریاست کیلئے عبرتناک ثابت ہو سکتا ہے چنانچہ ملک کے بہترین مفاد میں ملٹری اسٹیبلشمنٹ نے اپنے دفاعی بجٹ کے ایک حصے کو فریز کر کے حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کا پیغام دیا۔ پروفیسر اجے کمار شرما نے کہا پاکستان میں ہونے والی ڈویلپمنٹ بھارت کو ہضم نہیں ہو رہی ۔عمران ٹرمپ ملاقات خوشگوار ماحول میں ہو گی۔ ٹرمپ پہلی بار ایک ایسے لیڈر سے ملاقات کرنے والے ہیں جو انکی طرح اپنے منشور پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرتا ، اس ملاقات کا اہم ایجنڈا افغانستان ، ایران اور خطے میں بڑھتے ہوئے چین اور روس کا اثرورسوخ ہو گا ،  عمران خان افغان مسئلے کے مستقل حل کیلئے روڈ میپ بھی پیش کریں گے کہ کون سے ایسے اقدامات کیے جائیں جس سے فوجوں کے انخلا کے بعد وہاں کا امن متاثر نہ ہو۔ ڈاکٹر چرن سنگھ بھنڈر نے کہا واشنگٹن میں بھارتی لابی عمران خان کے دورہ کو ناکام بنانے کیلئے حرکت میں آچکی ہے  ، واشنگٹن میں بھارتی سفارتخانہ ایم کیو ایم سمیت بلوچوں اور افغانوں کے گروپوں کو تیار کر رہا ہے تاکہ عمران خان کے دورہ واشنگٹن کے موقع پر احتجاجی مظاہرے کیے جائیں۔