Thursday, September 19, 2024

عمران اسماعیل کی ایم کیو ایم مرکز بہادرآباد آمد ،شاندار استقبال کیاگیا

عمران اسماعیل کی  ایم کیو ایم مرکز بہادرآباد آمد ،شاندار استقبال کیاگیا
August 13, 2018
کراچی ( 92 نیوز)نامزد گورنرسندھ عمران اسماعیل کا ایم کیو ایم مرکز بہادرآباد آمد پر شاندار استقبال کیا گیا، عمران اسماعیل نے متحدہ پاکستان کو وفاقی حکومت میں شمولیت کی باضابطہ دعوت دے دی، ایم کیو ایم نے صلاح مشورے کیلئے وقت مانگ لیا۔ عمران اسماعیل کہتے ہیں کوٹہ سسٹم پر کمیشن بنائیں گے، پی پی سے کسی بھی قسم کا اتحاد نہیں ہوگا۔ ملاقات کےبعد میڈیا سے گفتگو میں عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کو حکومتی بنچز پر بیٹھنے کی دعوت دیدی ہے ، کوٹہ سسٹم پر کمیشن بنایا جائے گا۔ کپتان کے کھلاڑی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے ساتھ اتحاد نہیں ہوگا، کراچی میں پختونخواہ طرز کی پولیس اصلاحات لائیں گے،بلاول بھٹو سے بلاول ہاؤس کے اطراف بنائی جانے والی دیوار گرانے کی درخواست کروں گا۔ ایم کیو ایم کے کنونئیر عامر خان نے کہا کہ وفاقی حکومت میں شمولیت کا اعلان رابطہ کمیٹی سے مشاورت کےبعد کریں گے۔ پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی ناصر حسین شاہ نے بلاول ہاؤس کی دیواروں پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ عمران اسماعیل گورنر بنے جارہے ہیں، گورنر جنرل نہیں، بلاول ہاؤس کے اطراف دیواریں عدالتی حکم پر تعمیر کی گئی ہیں۔