Saturday, May 11, 2024

عمر شریف کی میت جرمنی سے براستہ ترکی کراچی پہنچا دی گئی

عمر شریف کی میت جرمنی سے براستہ ترکی کراچی پہنچا دی گئی
October 6, 2021 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) کامیڈی کنگ عمر شریف کی میت جرمنی سے براستہ ترکی کراچی پہنچا دی گئی۔

ایئرپورٹ پر ان کے دونوں بیٹے،عزیزواقارب اور مداح بڑی تعداد میں موجود تھے۔ میت ایئرپورٹ سے باہر لائی گئی تو فضا سوگوار ہو گئی۔ ہر شخص غمگین نظر آیا۔

سندھ کے وزیراطلاعات سعید غنی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمر شریف نے پاکستان کا نام پوری دنیا میں روشن کیا۔ انکی یادیں دلوں میں ہمیشہ رہینگی۔ سعیدغنی نے اپیل کی کہ کراچی والے عمر شریف کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے نماز جنازہ میں شرکت کریں۔ سعید غنی کا کہنا ہے کہ نماز جنازہ اور تدفین کے انتظامات کی نگرانی خود کروں گا۔

عمر شریف کی میت کو ایئرپورٹ سے سرکاری پروٹوکول میں ایدھی سرد خانے پہنچایا گیا۔ ان کے مداحوں نے پھولوں کی پتیاں برسا کر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ عمر شریف کی میت کو قومی پرچم میں لپیٹ کر سرد خانےمیں رکھ دیا گیا۔

عمر شریف کی میت کو کچھ دیر بعد سرد خانے سے گلشن اقبال رہائشگاہ لے جایا جائے گا جہاں ان کے اہلخانہ اور مداح ان کا آخری دیدار کریں گے۔ میت کو گھر سے کلفٹن بلاک ٹو میں عمر شریف کے نام سے موسوم پارک لایا جائے گا۔ وہاں ان کی نمازجنازہ ادا کی جائے گی جس میں اہم سیاسی وسماجی شخصیات سمیت ان کے مداح بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔

نمازجنازہ کی ادائیگی کے بعد عمر شریف کو ان کی آخری خواہش کے مطابق عبداللہ شاہ غٓازی رحمتہ اللہ علیہ کے مزار کے احاطے میں سپرد خاک کیا جائے گا۔