Thursday, April 18, 2024

عمر اکمل کے بکیز سے رابطوں کے انکشاف پر آئی سی سی کا پی سی بی سے رابطہ

عمر اکمل کے بکیز سے رابطوں کے انکشاف پر آئی سی سی کا پی سی بی سے رابطہ
February 21, 2020
لاہور (92 نیوز) کرکٹ کے بیڈ بوائے کی نئی اسٹوری نے ہلچل مچا دی۔ بکیز سے رابطوں پر معطل کرکٹر عمر اکمل کے معاملے پر آئی سی سی نے پی سی بی سے رابطہ کر لیا۔پی سی بی نے  کرکٹر کو  شوکاز جاری کر دیا۔ الزامات ثابت ہونے پرعمر اکمل پر دو سے پانچ سال تک کی پابندی لگ سکتی ہے۔ وارننگ، سزائوں، جرمانوں کے باوجود پاکستان کرکٹ کے بیڈ بوائے عمر اکمل نہ سدھرسکے۔ ذرائع کا کہنا ہے عمر اکمل نے بکیوں سے رابطے کا انکشاف کرلیا، جس پر پی سی بی نے عمر اکمل کو شوکاز نوٹس دیکر ان سے سات روز میں جواب طلب کرلیا ہے۔ ادھر پی سی بی نے آئی سی سی  اینٹی کرپشن حکام کے رابطہ کرنے پر ان کے ساتھ تمام تفصیلات شیئرکردیں۔ عمر اکمل سے رابطے میں رہنے والے شخص کی معلومات بھی مانگ لی گئیں۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ نے عمر اکمل کے موبائل فون کا ڈیٹا، ان کی ہوٹل میں آمد و رفت کی سی سی سی ٹی وی فوٹیج، ہوٹل سے باہر جانے اور واپس آنے کی تمام تفصیلات حاصل کر لی گئی ہیں۔ پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے والے عمر اکمل کو گزشتہ روز اسلام آباد یونائٹیڈ کیخلاف افتتاحی میچ سے قبل پی سی بی نے اینٹی کرپشن کوڈ کے تحت کارروائی کرتے ہوئے معطل کیا تھا۔ ان کی جگہ آل راؤنڈر انور علی کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں شامل کیا گیا کیونکہ وہ تحقیقات مکمل ہونے تک کرکٹ نہیں کھیل سکتے۔