Friday, May 17, 2024

عمر اکمل کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری، 19 فروری 2023 تک مکمل پابندی

عمر اکمل کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری، 19 فروری 2023 تک مکمل پابندی
May 8, 2020
لاہور (92 نیوز) عمر اکمل کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا گیا، عمر اکمل پر تین سال کی مکمل پابندی ہو گئی، عمر اکمل 19 فروری 2023 کو دوبارہ کرکٹ کی سرگرمیوں میں شرکت کے اہل ہوں گے۔ چیئرمین انڈپینڈنٹ ڈسپلنری پینل جسٹس ریٹائرڈ فضلِ میراں چوہان نے تفصیلی فیصلہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو جمع کروادیا، پی سی بی اینٹی کرپشن کوڈ میں شامل دونوں چارجز کی خلاف ورزی کرنے پر عمر اکمل پر 3 سال کی پابندی عائد کی گئی ہے جو 20 فروری 2020 یعنی عمراکمل کی معطلی کے روز سے نافذ العمل ہوگی۔ نااہلی کی دونوں مدتوں پر ایک ساتھ عمل ہوگا، عمر اکمل اب 19 فروری 2023 کو دوبارہ کرکٹ کی سرگرمیوں میں شرکت کے اہل ہوں گے، عمر اکمل کو 2 مختلف واقعات میں پی سی بی اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی پر 17 مارچ کو نوٹس آف چارج جاری کیا گیا تھا۔ تفصیلی فیصلے میں جسٹس ریٹائرڈ فضل میراں چوہان نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا بظاہر عمر اکمل نہ تو ندامت کے خواہاں اور نہ ہی اپنی غلطی پر معافی مانگنے کو تیار ہیں، بلکہ وہ اسی پر اکتفا کرنے کی کوششیں کرتے رہے  ہیں کہ ماضی میں اس طرح کے رابطوں کے بارے میں وہ خود ہی مطلع کرتے رہے ہیں۔