Sunday, May 12, 2024

عمان کے سلطان قابوس کی نماز جنازہ ادا، ملک میں تین روزہ سوگ کا اعلان

عمان کے سلطان قابوس کی نماز جنازہ ادا، ملک میں تین روزہ سوگ کا اعلان
January 11, 2020
مسقط (92 نیوز) عمان کے سلطان قابوس بن سعید 79 سال کی عمر میں انتقال فرما گئے، ان کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔ ملک میں تین روزہ سوگ کا اعلان کیاگیا، وزیر ثقافت هيثم بن طارق ملک کے نئے سلطان بن گئے۔ خلیجی ریاست سلطنت آف عُمان کے فرمانروا سلطان قابوس بن سعید السعید طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔ عُمان کے صدر دفتر سے جاری ایک بیان میں سلطان بن قابوس بن سعید کی وفات کا اعلان کیا گیا۔ سلطان قابوس کی وفات کے بعد ملک میں تین روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے جب کہ آئندہ 40 دن تک ملک کا پرچم سرنگوں رہے گا۔ سلطان قابوس بن سعید سلطنت عُمان کے آل ابو سعید خاندان کے آٹھویں فرمانروا تھے۔ انہوں نے 23 جولائی 1970ء کو اقتدار سنبھالا۔ اس دوران انہوں نے ملک میں بڑے پیمانے پر اصلاحات کیں اور اسے غربت سے نکالا۔ سلطان قابوس کو عالمی سطح پر قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا اور انہوں نے خطے میں جاری کئی تنازعات میں ثالثی کا کردار ادا کیا۔ سلطان قابوس نے اپنے جانشین کا عوامی سطح پر اعلان نہیں کیا تھا۔ ان کی وفات کے بعد ان کے کزن اور ملک کے وزیر ثقافت هيثم بن طارق، سلطنت کے نئے فرمانروا بن گئے ہیں اور انہوں نے حلف لے لیا ہے۔