Friday, April 19, 2024

عمان کی رائل بحریہ کے سربراہ کی پاک بحریہ کے سربراہ سے ملاقات

عمان کی رائل بحریہ کے سربراہ کی پاک بحریہ کے سربراہ سے ملاقات
November 28, 2017

 اسلام آباد (92 نیوز) عمان کی رائل بحریہ کے سربراہ ریئر ایڈمرل عبد اللہ بن خامس بن عبدا للہ ال رئیسی نے نیول ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا اور پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی سے ملاقات کی۔

نیول ہیڈ کوارٹرز آمد پر پاک بحریہ کے سربراہ نے عمان کی رائل بحریہ کے سربراہ ریئر ایڈمرل عبد اللہ بن خامس بن عبدا للہ ال رئیسی کا استقبال کیا۔ پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو سلامی پیش کی۔ سلامی کے بعد معزز مہمان کا نیول ہیڈ کوارٹرز میں تعینات پرنسپل سٹاف آفیسرز سے تعارف کروایا گیا۔  

بعد ازاں ریئر ایڈمرل عبد اللہ بن خامس بن عبدا للہ ال رئیسی نے پاک بحریہ کے سربراہ سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پیشہ ورانہ اُمور،دو طرفہ بحری اشتراک اوردونوں ممالک کی بحری افواج کے مابین تعاون کے مختلف شعبوں پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک بحریہ کے سربراہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے عزم اور کردار بالخصوص کولیشن میری ٹائم کمپین پلان اور بحری قزاقی کے بیخ کنی کے آپریشنزمیں شرکت پر روشنی ڈالی۔ معزز مہمان کو کثیرالملکی ٹاسک فورسز150اور151کی پاک بحریہ کی جانب سے متعدد مرتبہ کمانڈکے بارے میں بھی تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔

معزز مہمان کو خطے کی میری ٹائم صورت حال اور خطے کی میری ٹائم سکیورٹی میں پاک بحریہ کے کردار پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔ عمان کی رائل بحریہ کے سربراہ نے خطے میں امن و استحکام کے قیام کے سلسلے میں پاک بحریہ کی خدمات اور کردار کو سراہا۔

عمان کی رائل بحریہ کے سربراہ کا یہ دورہ دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان باہمی تعلقات میں مزید استحکام کا باعث بنے گا۔

بعد ازاں عمان کی رائل بحریہ کے سربراہ نے چیئرمین جوائنٹ سٹاف کمیٹی جنرل زبیر حیات سے بھی ملاقات کی۔