Saturday, May 18, 2024

علیمہ خان نے واجب الادا ٹیکس کا کچھ حصہ ادا کر دیا، وکیل علیمہ خان

علیمہ خان نے واجب الادا ٹیکس کا کچھ حصہ ادا کر دیا، وکیل علیمہ خان
January 25, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) وکیل علیمہ خان سلمان اکرم راجہ نے کہا علیمہ خان نے واجب الادا ٹیکس کا کچھ حصہ ادا کر دیا۔ وزیراعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان نے بیرون ممالک کیسے جائیداد بنائی ، وکیل سلمان اکرم راجہ حقائق سامنے لے آئے ۔ اپنے ایک بیان میں سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا یہ جائیداد خیرات کے پیسوں سے نہیں بلکہ علیمہ خان نے اپنی اور اپنے شوہر کی جائیدادیں فروخت کر بنائی ۔ پیسہ بھی کسی غیر قانونی ذریعے سے باہر نہیں گیا بلکہ بینکوں سے قانونی طریقے  سے گیا ۔ سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ بیرون ملک جائیداد گروی رکھ کر بینکوں سے لیا گیا قرضہ بھی اس جائیداد پر صرف کیا گیا۔ کاروبار کے ذریعے کمائے گئے فنڈز بھی قانونی طریقے سے  منتقل کئے گئے ۔ سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ علیمہ خان کے ذرائع آمدن کسی خیراتی رقم پر مشتمل نہیں۔ اس حوالے سے تمام باتیں قیاس آرائیوں پر مشتمل ہیں۔ وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ علیمہ خان کمپنی کی تیار کردہ مصنوعات بیرون ملک فروخت کرتی تھیں اور وہ ٹیکسٹائل مصنوعات کی کمپنی میں 50 فیصد کی حصہ دار ہیں۔ بیرون ملک اثاثوں کی خرید میں ٹیکسٹائل بزنس سے ہونے والا منافع بھی شامل ہے۔