Thursday, March 28, 2024

علیم ڈار کو بھی بھارت چھوڑنے کی دھمکیاں‘ جان کے خطرے کے پیش نظر پاکستان ہائی کمیشن نے شہریارخان کو نئی دہلی بلا لیا

علیم ڈار کو بھی بھارت چھوڑنے کی دھمکیاں‘ جان کے خطرے کے پیش نظر پاکستان ہائی کمیشن نے شہریارخان کو نئی دہلی بلا لیا
October 19, 2015
نئی دہلی (92نیوز) ممبئی میں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ شہریار خان کی جان کو لاحق خطرات کے پیش نظر پاکستانی ہائی کمشنر نے انہیں نئی دہلی بلا لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بھارت میں شیوسینا کی جانب سے بی سی سی آئی کے دفتر پر دھاوے کا پاکستان نے بھی نوٹس لے لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق دفتر خارجہ نے بھارت میں پاکستانی سفارتخانے سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ دہلی میں پاکستانی سفیر عبد الباسط نے ٹیلی فون کرکے شہر یار خان اور نجم سیٹھی کی خیریت دریافت کی اور انہیں سفارتخانے میں آنے کی دعوت دی۔ پاکستانی فنکاروں اور دیگر اہم شخصیات کے ساتھ بھارت میں پیش آنے والے ناخوشگوار واقعات پر دفتر خارجہ پہلے ہی تشویش اور افسوس کا اظہار کرچکا ہے۔ دریں اثنا بھارتی انتہاپسند تنظیم شیو سینا نے چیئرمین پی سی بی کے بعد پاکستانی امپائر علیم ڈار کو بھی اپنے نشانے پر رکھ لیا۔ شیو سینا نے امپائرنگ ڈیوٹی کے لئے بھارت میں موجود علیم ڈار کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ فوری طور پر بھارت چھوڑ دیں۔ خیال رہے کہ علیم ڈار ان دنوں جنوبی افریقہ اور بھارت کی ون ڈے سیریز میں امپائرنگ کے لئے بھارت میں موجود ہیں۔ شیو سینا نے دھمکی دی ہے کہ علیم ڈار کو ممبئی میں ہونے والے پانچویں ون ڈے کے دوران امپائرنگ نہیں کرنے دی جائے گی۔ ون ڈے سیریز کے تین میچ کھیلے جا چکے ہیں‘ چوتھا میچ بائیس اکتوبر کو چنائی جبکہ پانچواں میچ پچیس اکتوبر کو ممبئی میں ہو گا۔ واضح رہے کہ بھارت میں انتہاپسند ہندوو¿ں کی جنونیت اور پاکستان کے خلاف نفرت بڑھتی جا رہی ہے۔ پہلے غلام علی، پھر خورشید محمود قصوری، ان کے بعد شہریار خان اور اب علیم ڈار اس کا نشانہ بنے ہیں لیکن انتہاپسندوں کو لگام ڈالنے والا کوئی نہیں۔