Friday, April 19, 2024

علیم خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 11 اپریل تک توسیع

علیم خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 11 اپریل تک توسیع
April 2, 2019

لاہور ( 92 نیوز ) علیم خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 11 اپریل تک توسیع کر دی گئی ۔

آمدن سے زائد اثاثہ جات اور آف شور کمپنی کیس میں گرفتار عبدالعلیم خان کی احتساب عدالت پیشی ہوئی ، دوران سماعت عدالت کی جانب سے کیس میں پیش رفت بارے دریافت کیا گیا ۔

عدالت نے استفسار کیاکہ عبدالعلیم خان کیس کے متعلق ریفرنس کب تک فائل کیا جائے گا؟، جس پر نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ انکوائری حتمی مراحل میں ہے،

عدالت نے ریمارکس دیے کہ ایک بندے کو بغیر چالان  جیل میں نہیں رکھا جاسکتا ،اب ایسا نہیں ہو سکتا کہ کسی کو  جیل میں ڈال دیا جائے اور وہ پڑا رہے۔

نیب پراسیکیورٹر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ گرفتاری کے بعد 90 روز تک ریفرنس فائل کیا جاسکتا  ہےجیسے ہی چالان مکمل ہوتا ہے ریفرنس فائل کر دیا جائے گا۔

 عبدالعلیم خان کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ نیب کو چاہیے عبدالعلیم خان کے خلاف 7 دن میں ریفرنس فائل کرے۔

عدالت نے نیب کو عبدالعلیم خان کے خلاف تفتیش کا عمل جلد مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے جوڈیشل ریمانڈ  میں 11 اپریل تک توسیع کردی۔

دوسری جانب پیشی کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔