Friday, April 19, 2024

علی ظفر کا میشاء شفیع کیخلاف ہرجانہ کیس، عفت عمر کا بیان قلمبند

علی ظفر کا میشاء شفیع کیخلاف ہرجانہ کیس، عفت عمر کا بیان قلمبند
November 2, 2019
لاہور (92 نیوز) گلوکار علی ظفر کا میشاء شفیع کےخلاف 100 کروڑ روپے ہرجانہ کیس میں اداکارہ عفت عمر نے بھی بیان قلمبند کرا دیا۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 9 نومبر تک ملتوی کردی۔ سیشن کورٹ میں گلوکارہ میشاء شفیع اور علی ظفر سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، عدالت نے آج شہادتیں قلمبند کروانے کیلئے گواہان کو طلب کر رکھا تھا، میشاءشفیع کی جانب سے گواہ اداکارہ عفت عمر نے اپنا بیان قلمبند کروایا۔ عفت عمر نے موقف اپنایا کہ معاملے سے 10 دن قبل میشاء گھر کھانے پر ملی تو بہت پریشان تھی، لگتا ہے میشاء سچ بول رہی ہے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر مزید گواہان کو طلب کر تے ہوئے کیس کی مزید سماعت 9 نومبر تک ملتوی کردی۔ عدالت میں علی ظفر اور انکی جانب سے تمام گواہان اپنے بیان قلمبند کرا چکے ہیں، اب میشاء شفیع کی جانب سے گواہان علی ظفر کے خلاف اپنے بیان قلمبند کرا رہے ہیں۔ گزشتہ سماعت پر میشاء شفیع کی والدہ اداکارہ صباء حمید نے اپنا بیان قلمبند کرایا تھا۔ میشاء شفیع سے قبل مزید تین خواتین بھی علی ظفر پر الزام عائد کر چکی ہیں۔