Saturday, April 20, 2024

علی زیدی کی پریس کانفرنس کھودا پہاڑ نکلا چوہا کے مترادف ہے، مرتضیٰ وہاب

علی زیدی کی پریس کانفرنس کھودا پہاڑ نکلا چوہا کے مترادف ہے، مرتضیٰ وہاب
July 7, 2020
کراچی (92 نیوز) مشیر وزیراعلیٰ سندھ مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے علی زیدی کی پریس کانفرنس کھودا پہاڑ نکلا چوہا کے مترادف ہے۔ سندھ اسمبلی میں گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ عزیر بلوچ کے معاملے پر 7 رکنی جے آئی ٹی بنائی گئی، علی زیدی بتائیں کیا چار دستخط والی جے آئی ٹی رپورٹ ان کے پاس جمع ہوئی تھی؟، علی زیدی نے کچھ کاغذات لہرائے، سندھ حکومت نے اصل رپورٹ دکھا دی، دماغی اختراع کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہوتی، غلط بیانی کرتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ علی زیدی جو جے آئی ٹی لہرا رہے ہیں وہ سندھ حکومت کو نہیں ملی، وہ جے آئی ٹی کسی عدالت میں نہیں آئی، پیپلزپارٹی کا موقف ہے کہ ملک کو درپیش مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے وفاقی وزراء الزام تراشی کی سیاست کرتےہیں۔ مرتضیٰ وہاب بولے کہ ملک کے مسائل چینی اور بجلی بحران ہیں۔ اربوں روپے کا ڈاکہ عمران خان کے کہنے پر وفاقی حکومت نے ڈالا۔ وفاقی حکومت نے وزارت تجارت کے کہنے پر چینی ایکسپورٹ کی اجازت دی۔ کے الیکٹرک کا مالک کون اور سیاسی قربت کس کے ساتھ ہے سب جانتے ہیں۔ مافیاز کے سامنے ان کو گھٹنے ٹیکنے پڑے ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ پہلی مرتبہ ملک میں پٹرولیم ریٹ 30 تاریخ سے پہلے تبدیل ہوئے، پیپلزپارٹی کا قصور ہے کہ بے لگام حکومت کو لگام دینے کی کوشش کر رہی ہے۔ صوبائی وزیر سعید غنی نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ امریکا میں شوکت خانم کے لیے چندہ اکٹھا ہوا، علی زیدی نے تین ملین ڈالر اپنے اکاونٹ میں ڈلوائے، حلف لینے والی خبر ہمیں ٹی وی سے پتہ چلی۔ حلف لینے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد جاوید ناگوری کو کابینہ سے نکال دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے آج تک مراد سعید کے حوالے سے بیان نہیں دیا، یہ الگ بات ہے کہ وہ موصوف میرے ہر بیان کو اپنی طرف سمجھ لیتے ہیں، جے آئی ٹی تحقیقاتی عمل ہے عدالتی فیصلہ نہیں۔