Saturday, April 20, 2024

علی زیدی اور سعید غنی کی ٹویٹر پر لفظی جنگ

علی زیدی اور سعید غنی کی ٹویٹر پر لفظی جنگ
July 30, 2020
کراچی (92 نیوز) وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ علی زیدی اور سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی کے درمیان لفظوں کی تکرار کے بعد اب ٹویٹر پر جنگ چل رہی ہے۔ دونوں وزراء کی جانب سے ایک دوسرے پرالزامات لگائے جا رہے ہیں، دونوں وزراء کے حامی بھی ری ٹویٹ کر رہے ہیں۔ وفاق اور سندھ کے وزیر آمنے سامنے۔ علی زیدی کی پہلے سعید غنی سے تو تو میں میں ہوئی۔ وفاقی وزیر نے سندھ کے وزیر کے بھائی کو منشیات فروش تک کہا۔ اس پر سعید غنی نے بھی جوابی لفظی وارکئے۔ اب دونوں وزراء ٹوئٹر پرآمنے سامنے ہیں۔ علی زیدی نے سعید غنی کا وزیراعلیٰ سندھ کو لکھا خط ٹویٹ کردیا۔ ساتھ لکھا کہ وزیرگردی کے شواہد قوم کے سامنے رکھ دئیے۔ سوال کیا کہ منشیات فروش بھائی کے بارے میں ایس پی رضوان احمد کی رپورٹ غلط تھی تو اس پر مقدمہ کیوں نہیں کیا؟۔ علی زیدی نے کہا کہ سعیدغنی اپنا اثرورسوخ استعمال کرکے وزیراعلیٰ کو کمیٹی بنانے پر مجبور کیا ہے۔ کچھ ہی دیر بعد سعید غنی نےجواب دیا کہ جب کسی چیز کےمتعلق پتا نہ ہو تو خاموش رہنا چاہئے۔ مجھے کب کیا کرناہے مجھے پتا ہے۔ سعید غنی نے یہ بھی کہا کہ فکر مت کرو میں تمہاری اور تمہارے چہیتے کی ٹھیک تسلی کرواؤں گا، جھوٹے الزامات لگانا آسان ہوتا لیکن میں شواہد کے ساتھ تم دونوں کے کارنامے دنیا کو دکھاؤں گا۔