Friday, May 10, 2024

علی رضا عابدی قتل کیس ، گرفتار ملزم کی نشاندہی پر مزید 5 افراد زیر حراست

علی رضا عابدی قتل کیس ، گرفتار ملزم کی نشاندہی پر مزید 5 افراد زیر حراست
February 15, 2019
 کراچی (92 نیوز) علی رضا عابدی قتل کیس میں بڑا بریک تھرو آ گیا۔ گرفتار ملزم کی نشاندہی پر مزید 5 افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق زیر حراست افراد نے مکمل ریکی کے بعد علی رضا عابدی کو نشانہ بنایا۔ سی ٹی ڈی حکام کی جانب سے دہشت گردی کی واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ذرائع کے مطابق پانچوں افراد کو پہلے سے گرفتار ملزم کی نشاندہی پر حراست میں لیا گیا۔ ان افراد کو علی رضا عابدی قتل کیس میں باقاعدہ طور پر گرفتار کیا جائے گا۔ ایم کیو ایم کے سابق رہنما علی رضا عابدی کراچی میں قتل کر دیئے گئے تھے ۔ علی رضا عابدی پر ڈیفنس خیابان غازی میں گھر کے باہر فائرنگ کی گئی تھی ۔ فائرنگ میں ایک اور شہری بھی زخمی ہوا جس کے بعد دونوں کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں علی رضا دم توڑ گئے تھے ۔ سر پر لگنے والی گولی جان لیوا ثابت ہوئی تھی ۔ ڈی آئی جی ساؤتھ کے مطابق حملہ ٹارگٹڈ کارروائی لگتی ہے۔ واقعہ کے بعد پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچی ۔ پولیس اور رینجرز اہلکار جائے وقوعہ کا معاینہ کیا۔ پولیس کی جانب سے جائے وقوعہ کو سیل کر دیا گیا۔