Tuesday, May 21, 2024

علی حیدر گیلانی کی ویڈیو کا معاملہ، پی ٹی آئی ایم این ایز جمیل احمد اور فہیم خان سامنے آگئے

علی حیدر گیلانی کی ویڈیو کا معاملہ، پی ٹی آئی ایم این ایز جمیل احمد اور فہیم خان سامنے آگئے
March 6, 2021

لاہور (92 نیوز) علی حیدر گیلانی کی ویڈیو کا معاملہ، تحریک انصاف کے ایم این ایز سامنے آگئے۔ رکن قومی اسمبلی جمیل احمد اور فہیم خان نے ویڈیو میں موجودگی کا اعتراف کرلیا۔

علی حیدر گیلانی کی ویڈیو سینیٹ الیکشن سے ایک روز قبل منظرعام پر آئی اور ملکی سیاست میں ہلچل مچ گئی۔ ویڈیو میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی حیدر گیلانی ووٹ ضائع کرنے کی ترغیب دے رہے ہیں۔

اس ویڈیو سے متعلق علی حیدر گیلانی خود اعتراف کرچکے ہیں۔

اس ویڈیو کے دو کردار جن کی اب تک صرف آواز سنائی دے رہی تھی، یہ ہیں پی ٹی آئی ایم این ایز جمیل احمد اور فہیم خان جو علی حیدر گیلانی کی ویڈیو میں موجودگی کا اعتراف کررہے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے سامنے پیشی، وزیراعظم سے معافی اور علی حیدر گیلانی کی آفرز کے سوالات پر یہ ایم این اے خود کو کلیئر قرار دے رہے ہیں۔

اُدھر پی ٹی آئی نے اسی ویڈیو کو بنیاد بناکر یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کی درخواست دائر کردی ہے۔

فرخ حبیب، ملائکہ بخاری اور کنول شوزب کی جانب سے ایکشن کمیشن میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ علی حیدر گیلانی ارکان اسمبلی کو رشوت دیتے رہے اُنہیں نااہل قرار دیا جائے۔