Saturday, April 20, 2024

علی جہانگیر صدیقی کیخلاف کرپشن کی تحقیقات ،تفصیلات سامنے آگئیں

علی جہانگیر صدیقی کیخلاف کرپشن کی تحقیقات ،تفصیلات سامنے آگئیں
April 17, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز ) امریکا کیلئے نامزد سفیر علی جہانگیر صدیقی کے خلاف کرپشن کی تحقیقات  کے دوران مزید تفصیلات سامنے آگئیں ۔جے ایس گروپ نے ایس ای سی پی کی ملی بھگت سے قومی خزانے اور عوام کو 40 ارب روپے کا نقصان پہنچایا ۔علی جہانگیر صدیقی کے خلاف ایس ای سی پی میں انکوائری شروع ہونے کے باوجود معاملہ دبادیا گیا۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی اور امریکہ کیلئے نامزد سفیر علی جہانگیر صدیقی کے خلاف کرپشن کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔ تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ جے ایس گروپ نے ایس ای سی پی کی ملی بھگت سے قومی خزانے اور عوام کو 40 ارب روپے کا نقصان پہنچایا۔علی جہانگیر صدیقی کے خلاف ایس ای سی پی میں انکوائری شروع ہونے کے باوجود معاملہ دبادیا گیا تھا۔ ایگر ٹیکٹ کمپنی اربوں روپے کی نادہندہ تھی مگر ایس ای سی پی نے اسٹاک مارکیٹ میں رجسٹرڈ ہونے کی منظوری دی۔نیب نے سابق چیئرمین ایس ای سی پی طاہر محمود کو شامل تفتیش کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ ایس ای سی پی کے کردارکے باعث امریکن فرٹیلائزرز کے شیئر ز کی فروخت کی راہ ہموار ہوئی ، ایز گارڈ نائن اسکینڈل کے باعث سرکاری کمپنیوں ،بینکوں اور نجی کمپنیوں کو 40ارب روپے کا نقصان ہوا۔ کرپشن اور منی لانڈرنگ تحقیقات کے باوجود وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی علی جہانگیر صدیقی کو سفیر تعینات کرانے کیلئے سرگرم  ہیں ۔امریکہ کی جانب سے علی جہانگیر صدیقی کو بطور سفیر تقرری کیلئے ایگریما جلد از جلد جاری کرانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ایگریما جاری ہونے کے 24گھنٹوں کے اندر علی جہانگیر صدیقی کو بطور سفیر تقرری کا نوٹیفکیشن جاری ہو جائیگا۔