Saturday, April 20, 2024

علی بابا بھاگ گیا، سہولت کار الیکشن کمیشن کے سامنے جمع ہوئے ، افتخار درانی

علی بابا بھاگ گیا، سہولت کار الیکشن کمیشن کے سامنے جمع ہوئے ، افتخار درانی
November 20, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) وزیر اعظم کے معاون خصوصی افتخار درانی نے رہبر کمیٹی کے احتجاج پر جواب دیتے ہوئے کہا علی بابا بھاگ گیا، سہولت کار الیکشن کمیشن کے سامنے جمع ہوئے۔ افتخار درانی کا کہنا تھا پانامہ لیکس نے شریفوں کی وارداتیں پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کیں۔  پانامہ لیکس نے نون لیگ کے پارٹی اکاؤنٹس کے ذریعے کی جانے والی منی لانڈرنگ کی داستان سنائی۔ نون لیگ کیساتھ پیپلزپارٹی کی مشکوک فنڈنگ کیخلاف درخواست بھی الیکشن کمیشن کے ہاں زیر التواء ہے۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی افتخاردرانی نے کہا نیب کو مطلوب افراد الیکشن کمیشن کے سامنے چیخ و پکارکرتے رہے۔ جو جتنا بڑا چور، اتنا ہی چیخ رہا ہے۔ مولانا کی آمدن و اخراجات کا حساب کتاب خود مولانا بھی نہیں جانتے۔ ایک مایوس جماعت سے باہر پھینکے گئے شخص نے قوم کا وقت ضائع کرنے کیلئے فارن فنڈنگ کا ڈرامہ رچایا۔ انہوں نے کہا سیاسی میدان میں شکست فاش کا سامنا کرنے والے آج اس شخص کا سہارا لینے پہنچے ہیں۔ نون لیگ نے سپریم کورٹ میں اسی نوعیت کی کوشش کی اور بری طرح ناکام رہی۔ افتخار درانی بولے تحریک انصاف ملک میں پولیٹیکل فنانس متعارف کروانے والی پہلی جماعت ہے۔ تحریک انصاف کی مالیات نہایت پیشہ وارانہ انداز میں مرتب کی جاتی ہیں۔ عمران خان کو سپریم کورٹ نے صادق و امین قرار دیا۔ رہبر کمیٹی خفت مٹانے کیلئے قوم کو گمراہ کرنے کی ناکام کوشش نہ کریں۔