Wednesday, May 8, 2024

علی امین گنڈا پور کی اشتعال انگیز تقاریر، ن لیگ، پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف میں تلخیاں بڑھنے لگیں

علی امین گنڈا پور کی اشتعال انگیز تقاریر، ن لیگ، پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف میں تلخیاں بڑھنے لگیں
July 18, 2021

مظفرآباد (92 نیوز) آزاد کشمیر کے انتخابات میں سیاسی پارہ ہائی ہوگیا، وفاقی وزیر اُمورِکشمیر علی امین گنڈا پور کی اشتعال انگیز تقاریر سے مسلم لیگ ن، پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف میں تلخیاں بڑھنے لگیں۔ تینوں جماعتوں کے قائدین جلسوں میں ایک دوسرے کے خلاف سنگین الزامات عائد کر رہے ہیں۔

آزاد کشمیر میں الیکشن 2021 کی سیاسی سرگرمیاں عروج پر ہیں۔ سیاسی قائدین کے ایک دوسرے پر الزامات کی بوچھاڑ میں لگے ہیں۔ انتخابی الیکشن مہم میں تحریک انصاف، پیپلزپارٹی، مسلم لیگ ن کھل کر ایک دوسرے کے خلاف سامنے آگئیں۔

اسلام آباد کی سیاسی لڑائی نے آزاد کشمیر کا رخ کر لیا، وفاقی وزیر امور کشمیر علی امین گنڈا پور کی تقاریر سے آزاد کشمیر کا سیاسی ماحول انتہائی تلخ ہو گیا ہے۔

پیپلزپارٹی نے وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کی نفرت انگیز تقاریر پر الیکشن کمیشن سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا جس پر الیکشن کمیشن نے نوٹس لیتے ہوئے علی امین گنڈاپور پر جلسوں سے خطاب پر پابندی عائد کردی۔

الیکشن کمیشن نے چیف سیکرٹری کو مکتوب بھی جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ وفاقی وزیر کو فوری آزاد کشمیر بدر اور آئندہ کے لیے آزاد کشمیر داخل نہ ہونے دیا جائے۔

جوں جوں 25 جولائی کا دن قریب آرہا ہے سیاسی جماعتوں کے قائدین کی ایک دوسرے پر الزام تراشی بھی بڑھتی جارہی ہے اور ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کی بھی کوششیں جاری ہیں۔