Friday, March 29, 2024

علمائے کرام کی ڈاکٹرز کی جانب سے لاک ڈاؤن مزید سخت کرنے کے مطالبے کی حمایت

علمائے کرام کی ڈاکٹرز کی جانب سے لاک ڈاؤن مزید سخت کرنے کے مطالبے کی حمایت
April 23, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) علمائے کرام نے بھی ڈاکٹرز کی جانب سے لاک ڈاؤن مزید سخت کرنے کے مطالبے کی حمایت کر دی۔ کورونا سے بچاؤ کا واحد علاج سماجی فاصلہ اور اپنے آپ کو گھروں تک محدود رکھنا ہے۔ ڈاکٹرز بھی حکومت کو لاک ڈاؤن مزید سخت کرنے کا مشورہ دے رہے ہیں جس کی علما نے بھی حمایت کر دی ہے۔ نائنٹی ٹو نیوز سے گفتگو میں پیر نقیب الرحمٰن کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز سے اہم بات کسی کی نہیں ہو سکتی۔ اس سلسلے میں حکومت کی ذمہ داری سب سے زیادہ ہے۔ ڈاکٹرز کے کہنے پر حکومت جو بھی اقدام کرے گی  ہم اس کے ساتھ کھڑے ہیں۔ خود بھی حکومتی ہدایات پر عمل کریں گے اور لوگوں کو بھی اس طرف بلائیں گے۔ سید ضیا اللہ شاہ بخاری نے کہا کہ حرمین شریفین سمیت دنیا بھر کے علمائے کرام ہماری رہنمائی کر رہے ہیں۔ ڈاکٹرز بھی اس سے بچنے کا کہہ رہے ہیں۔ نماز تراویح نفلی عبادت ہے۔ اس کو گھر میں ادا کرنے سے متعلق حدیث بھی موجود ہے۔ نبی کریم ﷺ نے بھی فرمایا کہ نفلی نماز گھر پر پڑھنا افضل ہے۔ کورونا سے بچنے کے لیے عوام پر بھی لازم ہے کہ وہ ڈاکٹرز کی ہدایات اور علمائے کرام کی باتوں سے رہنمائی لیتے ہوئے گھروں کو بھی مساجد بنا لیں۔ خود بھی مہلک وائرس سے بچیں  اور اپنے پیاروں کو بھی اس سے بچائیں۔