Friday, March 29, 2024

علمائے کرام کا اسلام آباد میں مندر کی تعمیر کے فیصلے پر نظرثانی کا مطالبہ

علمائے کرام کا اسلام آباد میں مندر کی تعمیر کے فیصلے پر نظرثانی کا مطالبہ
July 1, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) علمائے کرام نے اسلام آباد میں مندر کی تعمیر کے فیصلے پر نظرثانی کا مطالبہ کر دیا۔ اسلام آباد میں ہندو مندر کی تعمیر کے حوالے سے علما کرام کی اجتماعی پریس کانفرنس ہوئی۔ علما کا کہنا تھا کہ آئین اور اسلام اقلیتوں کو مذہبی آزادی دیتے ہیں۔ پاکستان میں اقلیتوں کو جو تحفظ دیا گیا ہے وہ دنیا میں کسی بھی دوسرے ملک سے کم نہیں۔ اگر اقلیتیں اپنی ضرورت کے تحت عبادت گاہیں بنانا چاہیں تو اسلام میں ممانعت نہیں۔ جماعت اسلامی کے رہنما کاشف چوہدری کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں کل 186 ہندووں کیلئے پہلے سے ہی ایک مندر سید پور میں موجود ہے۔ جب شہر میں ہندو آبادی ہی موجود نہیں تو کس کیلئے مندر بنوایا جا رہا ہے۔ علما کرام کا کہنا تھا کہ حکومت اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے اور معاملے پر اسلامی نظریاتی کونسل سے رائے لی جائے۔