Thursday, April 25, 2024

علماء و مشائخ کونسل نے متفقہ اسلامی نصاب تیار کر لیا

علماء و مشائخ کونسل نے متفقہ اسلامی نصاب تیار کر لیا
May 26, 2016
اسلام آباد(92نیوز)علماء و مشائخ کونسل نے متفقہ اسلامی نصاب تیار کرلیا،وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں ہم آہنگی کے لیے ممنوعہ لٹریچر ختم  کرنے سمیت ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے۔ تفصیلات کےمطابق قومی علماء و مشائخ کونسل کا پہلا اجلاس وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف کی صدارت میں ہوا،جس میں تمام مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے جید علماء نے شرکت کی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملک بھر میں فرقہ واریت کے خاتمے اور ہم آہنگی کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں گے اس حوالے سے ملک بھر میں متفقہ اسلامی نصاب تیاراور ممنوعہ لٹریچر کا خاتمہ کیا جائے گا۔ علماءومشائخ کونسل نے کوئی بھی قانون پارلیمنٹ سے قبل اسلامی نظریاتی کونسل بھیجنے کی سفارش بھی کی ہے،وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف کا کہنا تھا کہ اسلامی نظریاتی کونسل آئینی ادارہ اوراپنی سفارشات قرآن و سنت اور شریعت کی روشنی میں تیار کرتی ہے۔ قومی علماء و مشائخ کونسل نے اپنی سفارشات پر عمل درآمد کے لیے دو کمیٹیاں بھی تشکیل دے دی ہیں ایک کمیٹی مشترکہ نصاب جبکہ دوسری کمیٹی کونسل کے کام کے حوالے سے ٹی او آرز طے کرے گی۔