Friday, March 29, 2024

علما کا احترام ،دنیا بھر میں چاند دیکھنے کے معاملات رضاکارانہ ہوتے ہیں ، فواد چودھری

علما کا احترام ،دنیا بھر میں چاند دیکھنے کے معاملات رضاکارانہ ہوتے ہیں ، فواد چودھری
May 6, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا کہ علما کا احترام ہے لیکن پوری دنیا میں ایسے معاملات رضا کارانہ بنیادوں پر ہوتے ہیں، عید اور رمضان کے چاند پر 36 سے40لاکھ خرچ کرنا کہاں کی عقلمندی ہے، کم از کم چاند دیکھنے کا تو معاوضہ نہیں ہوناچاہئے۔ رمضان اور شوال کا چاند دیکھنے کے معاملے پر وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری کے ٹویٹ نے ہلچل مچا دی ، ملک کیسے چلانا ہے یہ فیصلہ مولانا پر نہیں چھوڑا جا سکتا۔ فواد چودھری کے گزشتہ روز کے ٹویٹ پر علما ناراض ہوگئے، چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان کہتے ہیں وزرا تاریخ کو مسخ نہ کریں،علما نے پاکستان بنانے کی مخالفت نہیں حمایت کی تھی ۔

سعودی عرب میں رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا، پہلا روزہ پیر کو ہوگا

مفتی منیب الرحمان نے کہا کہ افسوس ہے نصاب میں پاکستان کی تاریخ شامل نہیں، انہوں نے وزیراعظم سے اپیل کی کہ وزرا کو پابند کیا جائے کہ وہ تاریخ کو مسخ نہ کریں۔ مفتی منیب الرحمان اور دیگر مذہبی رہنماؤں کی طرف سے تنقید کے بعد فواد چودھری نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ علما کا احترام ہے لیکن پوری دنیا میں ایسے معاملات رضا کارانہ بنیادوں پر ہوتے ہیں،  میں نے کیلنڈر بنانے کی رائے دی ہے، ہر کسی کا متفق ہونا ضروری نہیں۔ فواد نے کہا کہ عید اور رمضان کے چاند پر 36 سے 40 لاکھ خرچ کرنا کہاں کی عقلمندی ہے، کم ازکم چاند دیکھنے کا تومعاوضہ نہیں ہونا چاہیے، چاند دیکھنے کےلئے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانا چاہئے 10 سال کا کیلنڈر بن جائے گا تو غیر ضروری اخراجات اور تنازعات سے بچ جائیں گے۔