Friday, April 19, 2024

علامہ ڈاکٹر محمد اقبال کا 81 واں یوم وفات آج عقیدت و احترام اور قومی جذبے سے منایا جارہاہے

علامہ ڈاکٹر محمد اقبال کا 81 واں یوم وفات آج عقیدت و احترام اور قومی جذبے سے منایا جارہاہے
April 21, 2019

لاہور ( 92 نیوز) مصور پاکستان، شاعر مشرق، حکیم الامت علامہ ڈاکٹر محمد اقبال کا 81 واں یوم وفات آج عقیدت و احترام اور قومی جذبے سے منایا جارہاہے۔

بیسویں صدی کے معروف شاعر، مصنف، قانون دان، اور پاکستان کا خواب دیکھنے والے علامہ ڈاکٹر محمد اقبال کا آج یوم وفات،،،حکیم الامت، 21 اپریل 1938 کو خالق  حقیقی سے جا ملے،، آپ کو بادشاہی مسجد کے پہلو میں سپرد خاک کیا گیا۔

ملک بھر میں آج مصور پاکستان کا یوم وفات انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہاہے۔ اس موقع پر اقبال اکیڈمی، مرکزیہ مجلس اقبال اور دیگر اداروں کے زیر اہتمام خصوصی تقریبات اور سیمینارز کا انعقاد کیا جائے گا جن میں تحریک پاکستان اور دو قومی نظریہ سمیت ملک و قوم کیلئے آپ کی خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالی جائےگی۔

عظیم فلسفی شاعر، حکیم الامت علامہ محمد اقبال تحریک پاکستان کی اہم ترین شخصیات میں سے ایک تھے، آپ نے اپنی شاعری کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں میں جذبہ خودی اور مسلمانوں کے لئے الگ ملک کی اہمیت کا شعور پیدا کیا۔

علامہ اقبال رحمہ اللہ تعالیٰ نے اردو اور فارسی میں بیک وقت شاعری کی۔ ان کے مشہور مجموعہ کلام میں پیام مشرق، زبور عجم، بانگ درا، بال جبریل، ضرب کلیم اور دیگر شامل ہیں، آپ کے مجموعہ کلام شکوہ اور جواب شکوہ نے مقبولیت کے ریکارڈ توڑے۔

بحیثیت سیاستدان آپ کا سب سے نمایاں کارنامہ نظریہ پاکستان کی تشکیل ہے، جو آپ نے1930 میں الہ آباد میں مسلم لیگ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے پیش کیا تھا۔ یہی نظریہ بعد میں پاکستان کے قیام کی بنیاد بنا۔