Thursday, April 18, 2024

علامہ محمد اقبال کا یومِ پیدائش ، مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب

علامہ محمد اقبال کا یومِ پیدائش ، مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب
November 9, 2019
لاہور (92 نیوز) شاعر مشرق مفکر پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کا ایک سو تنتالیس واں یوم ولادت ہے۔ لاہور میں مزار اقبالؒ پر گارڈ تبدیلی کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ پاک بحریہ کے تازہ دم دستے نے مزار اقبال پر گارڈز کے فرائض سنبھالے۔ گارڈ تبدیلی کی پروقار تقریب کے آغاز پر قومی ترانہ پڑھا گیا جس کے بعد پریڈ کا آغاز کیا گیا۔ نئے تعینات ہونے والے دستے نے علامہ اقبال کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی اسٹیشن کموڈور نعمت اللہ خان تھے جنہوں نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور کتاب یادداشت میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کئے۔ کور کمانڈر لاہور، لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان، ڈپٹی ڈی جی رینجرز بریگیڈیئر اختر  نے بھی مزار اقبال پر حاضری دی اور پھول رکھے۔ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور اور وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت نے بھی مزار اقبال پرحاضریاں دیں، پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور کتاب یاداشت میں تاثرات قلمبند کئے۔ گورنر پنجاب چودھری سرور کا کہنا تھا کہ ہم نیا پاکستان بنانے کی کوشش کر رہے ہیں جس کا خواب علامہ اقبال نے دیکھا۔ ایسا پاکستان بنانا چاہتے ہیں کہ جس میں سب کو انصاف فراہم ہو۔ وزیراعظم عمران خان نے یوم اقبال کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں کہا ہے کہ علامہ محمد اقبالؒ نے مسلمانان بر صغیر کو ایک آزاد اور خودمختار اسلامی فلاحی ریاست کے قیام کا راستہ دکھایا۔ علامہ اقبال کے افکار نے مسلمانوں میں امید کی وہ شمع روشن کی جس کی روشنی سے منزل کا تعین ہوا۔ امت مسلمہ کو درپیش مختلف مسائل کی نشاندہی کرنے اور ساتھ ہی ان مسائل کا حل آپ کے شہرہ آفاق شعری مجموعوں اور کلام میں پنہاں ہے۔